کرم ایجنسی بدامنی اور کشیدگی کی لپیٹ میں

    • مصنف, رفعت اللہ اورکزئی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
  • وقت اشاعت

پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں فوج کی جانب سے شدت پسند تنظیموں کے خلاف آپریشن کا اعلان تو چند دن پہلے شروع کیا گیا ہے لیکن علاقے میں فرقہ وارانہ فسادات ، قبائلی تنازعات اور عسکریت پسندی کی وجہ سے گزشتہ چار پانچ سالوں سے ایک باقاعدہ جنگ کی کفیت رہی ہے۔

چند سال پہلے تک اگر اس علاقے کا شمار ملک کے پرامن قبائلی ایجنسیوں میں ہوتا تھا تو آج اسی تناسب سے یہی علاقہ انتہائی بدامنی اور کشیدگی کی لپیٹ میں ہے۔

کرم ایجنسی کا شمار ملک کی قدیم ترین ایجنسیوں میں ہوتا ہے۔ انٹرنیٹ سے حاصل کی گئی معلومات کے مطابق کرم ایجنسی کا وجود انگریزوں کے دور میں تقربباً ایک صدی قبل اٹھارہ سو نوے کی دہائی میں لایا گیا تھا۔

بتایا جاتا ہے کہ’ کرم‘ کا لفظ دریائے کرم سے موسوم کیا گیا ہے جو ایجنسی کے اطراف سےگزرتا ہے۔ کرم ایجنسی کو بنیادی طورپر تین تحصیلوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں آپر کرم، سینٹرل اور لوئر کرم شامل ہیں۔

کرم ایجنسی کی سرحدیں اورکزئی اور شمالی وزیرستان سے ملتی ہیں جبکہ صوبہ خیبر پختون خوا کے ضلع ہنگو کا علاقہ بھی اسی ایجنسی سے متصل ہے۔ اس ایجنسی کی سب سے بڑی اہمیت یہ ہے کہ اس کی سرحدیں تین مقامات پر پڑوسی ملک افغانستان کے صوبے ننگرہار، پکتیااور خوست سے ملتی ہیں۔

پاک افغان سرحد کے درمیان کوہ سفید کے بلند و بالا پہاڑی سلسلے واقع ہیں جو سارا سال برف سے ڈھکے رہتے ہیں۔ اس پہاڑ کا ایک بڑا سلسلہ دونوں ممالک کے درمیان ایک قدرتی سرحد بھی تصور کیا جاتا ہے۔

پاکستان میں اکثر قبائلی علاقے صرف شدت پسندی سے متاثر رہے ہیں لیکن کرم اور اورکزئی ایسی قبائلی ایجنسیاں ہیں جہاں شدت پسندی کے ساتھ ساتھ فرقہ کی بنیاد پر تشدد بھی ایک بہت بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے۔

بالخصوص کرم ایجنسی میں فرقہ وارانہ فسادات کی پچاس سالہ تاریخ پائی جاتی ہے بلکہ مقامی لوگ تو یہاں تک کہتے ہیں کہ پاکستان بننے سے پہلے بھی کرم ایجنسی میں شعیہ سنی لڑائیاں ہوتی رہی ہیں۔

تاہم تجزیہ نگاروں کے مطابق جب سے فرقہ واریت طالبائزیشن کا حصہ بنی ہے اس کے بعد سے نہ صرف اس علاقے میں حالات سنگین تر ہوئے ہیں بلکہ ان مسائل کے مستقل طورپر حل ہونے کے امکانات بھی کم ہوتے جارہے ہیں۔

کرم ایجنسی میں پہلے بھی فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات ہوتے رہے ہیں لیکن بعد میں امن معاہدے بھی ہوتے تھے اور ان پر کئی سالوں تک عمل بھی جاری رہتا تھا لیکن جوں جوں شدت پسندوں کے اثر رسوخ میں اضافہ ہوتا گیا معاملات پیچیدہ سے پیچیدہ تر ہوتے گئے۔

کرم ایجنسی دیگر قبائلی علاقوں کی نسبت زیادہ ترقی یافتہ اور اس کے لوگ خوشحال سمجھے جاتے ہیں۔ چند سال پہلے تک علاقے کے زیادہ تر لوگوں کا ذریعہ معاش خلیجی ممالک میں محنت مزدوری سے وابستہ تھا لیکن وہاں روزگار کے مواقع ختم ہونے کے بعد اب اکثر افراد واپس آچکے ہیں۔ اس کے علاوہ زمینداری اور کھیتی باڑی بھی روزگار کا بڑا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔

سنہ انیس سو اٹھانوے میں ہونے والی مردم شماری کے مطابق کرم ایجنسی کی آبادی پانچ لاکھ نفوذ پر مشتمل ہے جبکہ تعلیم کی شرح بھی دیگر قبائلی علاقوں کے نسبت کافی بہتر بتائی جاتی ہے۔

آپر کرم ایجنسی کے علاقوں میں اکثریت اہلِ تشیع سے تعلق رکھنے والے توری اور بنگش قبائل آباد ہیں جبکہ لوئر کرم کے بیشتر علاقوں میں سنی قبائل مقیم ہیں۔ اس کے علاوہ لوئر کرم کے ایک بڑے مرکز صدہ سب ڈویژن کی حدود میں اورکزئی قوم کے چار قبیلے بھی ایک عرصہ سے مستقل سکونت اختیار کئے ہوئے ہیں۔

سرسبز و شاداب اور پانی کے وافر ذخائر ہونے کے باعث کرم ایجنسی کی فصلیں اور باغات پورے علاقے میں مشہور سمجھی جاتی ہیں۔ ان میں چاول، سبزیاں اور میوجات کو خصوصی شہرت حاصل ہے ۔ کہا جاتا ہے کہ اس علاقے کے چاول اتنے مشہور ہیں کہ پرانے وقتوں میں لوگ اسے کھانے کےلیے خصوصی طورپر اپنے رشتہ داروں کے ہاں کرم ایجنسی جایا کرتے تھے۔

لیکن گزشتہ چند سالوں سے یہ علاقہ مسلسل شدید جنگ یا مستقل کشیدگی کی لپیٹ میں رہا ہے۔ دو ہزار سات میں ایجنسی کی تاریخ میں ہونے والی شدید فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات نے علاقے پر وہ تاریک اور بھیانک اثرات چھوڑے ہیں جس کے منفی نتائج سے چار سال گزرنے کے باوجود بھی ایجنسی کے عوام نہیں نکل سکے ہیں ۔

ان لڑائیوں کی وجہ سے پہلے ہی ہزاروں لوگ بے گھر ہوچکے ہیں جبکہ حالیہ آپریشن سے مزید لوگوں کا گھر بار چھوڑ نے سے بظاہر لگتا ہے کہ ایجنسی کا ایک بہت بڑا حصہ بے گھر اور جنگ کا شکار ہوگیا ہے