بلوچستان، دو لاشیں برآمد

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
بلوچستان کے علاقے تربت سے مزید دو لاپتہ افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن میں سے ایک بلوچ نیشنل موومنٹ کے رہنما بوہیر بلوچ کی بتائی جاتی ہے۔
کوئٹہ سے بی بی سی کے نامہ نگار ایوب ترین کے مطابق پیر کے روز تربت شہر سے تین کلومیٹر سوراپ کور کے مقام سے پولیس کو یہ لاشیں ملی تھیں جنہیں شناخت کے لیے سول ہسپتال تربت منتقل کردیاگیا تھا۔
تربت پولیس کے ایس ایچ او ریاض احمد نے بتایا ہے کہ انہیں پیر کی صبح اطلاع ملی تھی کہ تربت تھانے سے آٹھ کلومیٹر دور پسنی کے پہاڑی علاقے میں دو لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ ایک شخص کی شناخت حفیظ ولد نصرت کے نام سے ہوئی ہے جو تحصیل تمپ میں بالیچہ کے رہائشی تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ دوسری لاش کی شناخت کرنے کے لیے لوگوں کی ایک بڑی تعداد سول ہسپتال تربت پہنچ گئی تھی لیکن برآمد ہونے والی لاش کی شناخت نہیں کی جا سکی۔
تاہم بی ایس او (آزاد) کے ترجمان سلام صابر کے مطابق دوسری لاش کی شناخت بوئیر بلوچ ولد فقیر محمد کے نام سے ہوئی ہے۔
بوئیر بلوچ کا تعلق بلوچ نیشنل موومنٹ سے تھا جنہیں تیس جون کو نامعلوم افراد نے پسنی سے اغوا کر لیا تھا۔
سول ہسپتال تربت کے ڈاکٹروں کے مطابق دونوں افراد کو سر اور پیٹ میں گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
قتل عام کے خلاف بلوچ نیشنل موومنٹ اور بی ایس او (آزاد) کی اپیل پر تربت شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی اور موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ابھی تک کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ نہیں پیش آیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی نامعلوم افراد نے پسنی کے علاقے سے خالد بلوچ کواغوا کیا تھا لیکن ابھی تک کسی نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔



















