کشمیر: انتخاب کے لیے پولنگ شروع

- مصنف, ذوالفقار علی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، مظفرآباد
- وقت اشاعت
پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر میں اتوار کو انچاس رکنی قانون ساز اسمبلی کے انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ عمومی طور پر ووٹ ڈالنے کا عمل اپنے مقررہ وقت پر صبح آٹھ بجے شروع ہوا لیکن بعض جگہ پر تاخیر ہوئی ہے۔
ووٹنگ اتوار کی شام پانچ بجے تک جاری رہے گی اور پولنگ کا وقت ختم ہونے کے ساتھ ہی ووٹوں کی گنتی شروع ہوجائے گی جب کہ شام تک نتائج آنا شروع ہوجائیں گے۔
انتخابات میں کوئی بائیس سیاسی اور مذہبی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں اور چار سو اکیس امیدوار میدان میں ہیں جن میں دو سو سے زیادہ آزاد امیدوار ہیں۔
لیکن اصل مقابلہ پاکستان کی حکمران جماعت پیپلز پارٹی، پاکستان میں حزب مخالف کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ نون، مقامی سیاسی جماعت جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے درمیان متوقع ہے۔
مسلم لیگ نون پہلی بار پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر کے انتخابات میں حصہ لے رہی ہے۔
مظفرآباد شہر کے نواح میں واقع ناملی سیداں پولنگ سٹیشن پر مقامی وقت کے وقت صبح تقریباً دس بجے تک مردوں کے ایک سو بیس جبکہ خواتین کے سینتیس ووٹ پڑ چکے تھے۔ اس پولنگ سٹیشن پر ووٹروں کی کل تعداد 659 ہے ۔
بعض مقامات پر کافی تعداد میں لوگ ووٹ ڈالنے کے لے آ رہے ہیں جبکہ کچھ جگہوں پر لوگوں کی تعداد کم ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
حکام کا کہنا ہے کہ انتخابات میں امن امان قائم رکھنے کے لیے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر بھر میں پولیس اور نیم فوجی دستوں کے سولہ ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
انچاس رکنی قانون ساز اسمبلی میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے لیے انتیس نشستیں ہیں جبکہ بارہ نشستیں سنہ انیس سو سینتالیس سے پاکستان میں مقیم بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے پناہ گزینوں کے لیے ہیں۔
آٹھ مخصوص نشستیں ہیں جن کا انتخاب جیتنے والے ممبران اسمبلی بعد میں کریں گے۔
لیکن اتوار کو اڑتیس نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں اور الیکشن کمیشن نے کشمیری پناہ گزینوں کے لیے کراچی کی دو اور خیبر پختونخوا کی ایک نشت پر انتخابات ملتوی کر دیے ہیں۔
حکام نے اس کی وجہ سکیورٹی کی صورت حال اور انتخابی فہرستوں میں مبینہ طور پر ووٹروں کاغلط اندراج بتایا ہے۔
لیکن پاکستان میں حکمران جماعت پیپلز پارٹی کی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ نے اس فیصلے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے انتخابات کا بائیکاٹ کا اعلان کیا۔
متحدہ قومی موومنٹ نے پاکستان کی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ پہلے اس نے وفاقی وزیر داخلہ اور دیگر شخصیات کے ذریعے دباؤ ڈالا کہ ایم کیو ایم ان نشتستوں میں سے کم از کم ایک نشست پر دستبردار ہو جائے لیکن جب ایم کیو ایم اس پر آمادہ نہیں ہوئی تو ان نشستوں پر انتخابات ملتوی کیے گیے۔
انتخابی مہم میں مقامی مسائل خاص طور پر زلزلہ زدہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر و ترقی کے علاوہ تنازع کشمیر تو غالب دکھائی دیا لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ انتخابات کے موقع پر مظفرآباد اور اسلام آباد کے تعلقات کی نوعیت کے علاوہ اس بات پر بھی بحث ہوئی کہ علاقے کا ریاستی ڈھانچہ کس حد تک بااختیار ہے۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے انتخابات ہمیشہ ہی متنازعہ رہے ہیں۔
مقامی آئین کے رو سے صرف وہی جماعتیں یا افراد انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں جو ریاست جموں کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کے نظریے پر یقین رکھتے ہیں اور اس نظریے پر یقین نہ رکھنے والی جماعتوں یا افراد کو انتخابی عمل میں حصہ لینےکی ممانعت ہے۔
کشمیر کے اس خطے میں جہاں ریاست جموں کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق کی حامی جماعتیں انتخابی عمل پر سوال اٹھاتے رہے وہیں خود مختار کشمیر کی حامی تنظیموں کو اس بات پر اعتراض ہے کہ انھیں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہے۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے انتخابی قانون کےتحت امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے وقت ایک ایسے حلف نامے پر دستخط کرنا ضروری ہے جس میں اقرار کیا جاتا ہے کہ وہ نظریہ پاکستان،کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کے نظریے اور پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری پر یقین رکھتا ہے۔
خود مختار کشمیر کی حامی تنظیم جموں کشمیر لبرییشن فرنٹ یا جے کے ایل ایف اس پابندی کے خلاف مظاہرے کر رہی ہے۔



















