’اجمل خان کے اغواء پر مکمل خاموشی‘

- مصنف, عزیز اللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
- وقت اشاعت
پاکستان کی پشاور میں واقع ایک تاریخی درسگاہ اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر اجمل خان کو اغواء ہوئے نو ماہ سے زیادہ ہو چکے ہیں لیکن اب تک انھیں بازیاب نہیں کرایا جا سکا۔
گزشتہ تین ماہ سے اس بارے میں پشاور شہر، کیمپس اور سرکاری سطح پر مکمل خاموشی چھائی ہوئی ہے۔
صوبہ خیبر پختونخواہ میں اغوا کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے جن میں بیشتر کو کچھ عرصہ بعد تاوان کی ادائیگی کے بعد بازیاب کر لیا جاتا ہے لیکن اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر اجمل خان کے بارے میں ان دنوں اساتذہ، طالب علموں اور انتظامی افسران کے علاوہ مختلف تنظیموں نے چپ سادھ رکھی ہے۔
کچھ عرصہ تک پشاور یونیورسٹی کیمپس میں طلبا، اساتذہ اور دیگر تنظیموں کی جانب مظاہرے کیے گے۔
یونیورسٹیاں اور کالجز بھی بند رکھے گئے اور یہ بھی کہا گیا تھا کہ اگر انھیں بازیاب نہ کرایا گیا تو تعلیمی درسگاہیں غیر معینہ مدت تک کے لیے بند کر دی جائیں گی۔
اب کوئی تین ماہ سے اس بارے میں سب خاموش ہیں یہاں تک کہ کسی اخبار میں بھی کوئی خبر یا بیان نظر نہیں آتا۔
اجمل خان کہاں ہے کچھ معلوم نہیں ہے جب کہ اس کے بارے میں ان کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ سرکاری حکام نے کہا ہے کہ وہ کوششیں کر رہے ہیں جبکہ اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے اساتذہ اور انتظامی افسران نے کہا ہے کہ انھیں کچھ معلوم نہیں ہے کہ کیا ہو رہا ہے حکومت صرف جھوٹی تسلیاں ہی دے رہی ہے۔
اجمل خان کے رشتہ داروں نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ اجمل خان کا ان سے کوئی رابطہ نہیں ہوا اور پہلے حکومت تسلیاں دیتی رہی اب جب سے گورنر تبدیل ہوئے ہیں مکمل خاموشی چھا گئی ہے جس سے ہماری پریشانیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر سعید انور نے کہا ہے کہ جب کسی معاملے پر وقت زیادہ گزر جاتا ہے تو اکثر لوگ خاموشی ہی اختیار کر لیتے ہیں لیکن اساتذہ اور وائس چانسلرز کے اجلاس میں اس بارے میں بات چیت ضرور ہوتی ہے۔
اسلامیہ کالج یونیورسٹی کی اساتذہ تنظیم کے سربراہ ضیاء اللہ صحرائی نے تسلیم کیا ہے کہ اجمل خان کی بازیابی کے لیے جو کوششیں پہلے جاری تھیں اب صورتحال ویسی نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ کچھ روز پہلے ایسی افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ اجمل خان کو بازیاب کرا لیا گیا ہے اور بہت جلد وہ گھر پہنچنے والے ہیں جس کی وجہ سے وہ خاموش رہے۔
اجمل خان کو گزشتہ سال سات ستمبر کو یونیورسٹی کے احاطے سے اس وقت اغوا کر لیا تھا جب وہ دفتر آ رہے تھے۔
اس کے بعد تحریک طالبان نے ان کے اغوا کی ذمہ داری قبول کی تھی اور ان کی دو ویڈیوز بھی جاری کی گئی تھیں جن میں اجمل خان نے حکومت سے اپنی بازیابی کی اپیل کی تھی۔
اس سے پہلے کوہاٹ یونیورسٹی کے وائس چانسلر لطف اللہ کاکاخیل کو نومبر دو ہزار نو میں نیم قبائلی علاقے درہ آدم خیل سے اغوا کیا گیا تھا اور انھیں سات ماہ بعد جون دو ہزار دس میں بازیاب کرا لیا گیا تھا۔



















