’مختار مائی سکول کو کالج کا درجہ دیا جائے‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
- مصنف, غضنفر عباس
- عہدہ, ملتان
- وقت اشاعت
پاکستانی پنجاب کے جنوبی ضلع مظفرگڑھ کے ایک گاؤں میر والا میں مبینہ اجتماعی جنسی زیادتی کا شکار ہونے کے بعد حصول انصاف کی جدوجہد کرنے پر عورتوں پر تشدد اور ناانصافی کے خلاف دنیا بھر میں ایک علامت کے طور پر ابھرنے والی مختاراں مائی نے ’ظلم کوعلم سے ختم کرو‘ کا نعرہ بلند کرتے ہوئے دوہزار تین میں اپنی بستی میں ایک سکول کی بنیاد رکھی۔
اپنے ہی کچے گھر میں بنائے گئے اس سکول میں مختاراں مائی پہلی طالبہ بنیں تو اسی بستی کی دو دیگر بچیاں بھی اس کی ہم جماعت کے طور پر سامنے آئیں۔ حکومت پاکستان کی امداد سے دو ہزار تین میں اس مقصد کے لیے پختہ کمرے تعمیر ہوئے ۔ بعد میں مختلف امدادی اداروں نے بھی کئی کمرے تعمیر کروا کر دیئے۔
آج وہ سکول مختاراں مائی گرلز ماڈل سکول کے نام سے میر والا میں موجود ہے۔ مختاراں مائی گرلز ماڈل سکول میں اس وقت چھ سو دس بچیاں نرسری سے دہم کلاس تک کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ سکول میں ان بچیوں کو نہ صرف مفت تعلیم دی جا رہی ہے بلکہ انھیں یونیفارم اور کتابیں بھی مہیا کی جاتی ہیں۔ مختار مائی وومن ویلفئیرآرگنائزیشن کے زیر اہتمام چلنے والے تعلیمی ادارے کے طالب علموں کی آمدورفت کے لیے شٹل سروس کا بندوبست بھی کیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
مختاراں مائی گرلز ماڈل سکول میں چھٹی جماعت کی طالبہ صائمہ کنول کا تعلق نواحی علاقہ وڈ والا سے ہے۔ صائمہ کنول کا کہنا ہے کہ میری خواہش ہے کہ میں ڈاکٹر بنوں۔ اس سکول میں تعلیم بہت اچھی ہے ۔ اس لیے میں یہاں تعلیم حاصل کر رہی ہوں۔ ہمارے سکول میں گاڑی ہے لیکن اب وہ مجھے بہت چھوٹی لگتی ہے کیونکہ بچیاں بہت ہوچکی ہیں۔ کم از کم دوگاڑیاں ہونی چاہیں تاکہ ہم آسانی سے گھر سے سکول تک کا سفر کرسکیں۔‘
ساتویں جماعت کی طالبہ مسفرۃ العلیٰ کا کہنا تھا ’پہلے یہاں پر کوئی سکول نہیں تھا اور یہاں کے لوگ دور دور پڑھنے کے لیے جایا کرتے تھے۔ پہلے یہاں لوگ لڑکیوں پڑھایا بھی نہیں کرتے تھے اور جب سے باجی مختاراں نے یہ سکول تعمیر کیا ہے تب سے بہت سے لوگ اپنے بچوں کو اس سکول میں پڑھنے کے لیے بھیجتے ہیں۔یہ سکول صرف دسویں جماعت تک ہے میری خواہش ہے کہ یہ سکول یونیورسٹی کی شکل اختیار کر لے۔‘
نویں جماعت کی طالبہ نے سکول کے تعلیمی نظام پر تو اطمینان کا اظہار کیا مگرکچھ مسائل کا ذکر بھی کیا ۔اس کا کہنا ہے ’اس سکو ل میں پینے کے لیے ٹھندے پانی کا انتظام نہیں اور ہمارے کلاس روم میں فرنیچر کی بھی کمی ہے۔اسی طرح لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے بھی ہمیں بہت زیادہ تکلیف اٹھانا پڑتی ہے۔‘
چھٹی جماعت کی طالبہ خالدہ ملازم کا کہنا تھا ’یہاں کے لوگ بچیوں کو تعلیم دلوانے کے لیے شہر نہیں بھیجتے۔ اگر اس سکول کو کالج کا درجہ دے دیا جائے تو تمام بچیاں آگے تعلیمی سلسلہ جاری رکھ سکیں گی اور اپنا مستقبل اچھا بنا سکیں گی ورنہ ان کے والدین انھیں گھر بٹھا دیں گے۔‘

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
مختار مائی گرلز ماڈل سکول کی منفرد بات یہ ہے کہ یہاں مختلف کلاسوں کے سیکشن ان بچیوں کے نام پر رکھے گئے ہیں جنھوں نے اپنی کلاس میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ سکول میں کمپیوٹر لیب کے ساتھ ساتھ سائنس کے شعبے میں زیرتعلیم پچیوں کے لیے لیبارٹری بھی قائم کی گئی ہے۔ سکول کی دوسری منزل پر بچیوں کے لیے لائبریری بھی موجود ہے مگر اس میں چند کتابیں رکھی گئی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مختار مائی گرلز ماڈل سکول میں زیر تعلیم چار بچیوں نے اس بار میٹرک کے امتحانات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ پہلی سے لیکر دسویں جماعت تک پہنچنے والا یہ سکول کا پہلا بیچ تھا۔ ان میں سے دولڑکیاں جتوئی اور علی پور میں قائم پرائیویٹ کالجوں میں ایف ایس سی کر رہی ہیں ۔ ان میں ایک مختار مائی کی چھوٹی بہن تسمیہ بھی ہے۔
مختار مائی وومن ویلفئیر آرگنائزیشن کے پراجیکٹ منیجر نعیم سعید کے مطابق اب یہ سکول چند مخیرحضرات کی مدد سے چل رہا ہے اور اس کے معاشی حالات اچھے نہیں ہیں۔



















