کمیشن کے قیام کے لیے تین دن کی مہلت

،تصویر کا ذریعہReuters
پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں حزب مخالف کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے ایبٹ آباد میں امریکی کمانڈوز کے ہاتھوں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے واقعہ کی تحقیقات کی خاطر آزاد اور غیر جانبدار کمیشن کے قیام کے لیے حکومت کو تین دن کی مہلت دی ہے۔ حزب مخالف کی جماعتوں نے یہ اعلان ایک ایسے مرحلے پر کیا جب ایک دن پہلے وفاقی وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے تین جون سے شروع ہونے والےاجلاس میں اس کمیشن کی ساخت اور ہیت طے کی جائے گی۔
پیپلز پارٹی کی حکومت مخالف سیاسی جماعتوں کا اجلاس قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری نثار علی کی دعوت پر پیر کو ان کے دفتر میں ہوا۔
حکومت مخالف جن سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں نے اس اجلاس میں شرکت کی ان میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے مولانا غفور حیدری، اپنے دھڑے کی پیپلز پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد شیر پاؤ، پشتونخواہ عوامی ملی پارٹی کے سنیٹر عبدالرحیم مندوخیل اور جماعت اسلامی کے رہنما سینٹر پروفیسر خورشید شامل ہیں۔
نامہ نگار ذوالفقار علی کے مطابق اس اجلاس کے بعد جاری کیےگئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اگر قومی اسمبلی کے اگلے اجلاس سے پہلے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی قرارداد کی روشنی میں آزاد تحقیقاتی کمیشن کا قیام عمل میں نہیں لایا گیا تو حزب مخالف کی جماعتیں دو جون کو بجٹ کے اعلان سے پہلے مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے‘۔
قومی اسمبلی کا آئندہ اجلاس تین جون سے شروع ہورہا ہے۔
ایبٹ آباد کے واقعے کے معاملے پر تقریباً دو ہفتے پہلے بند کمرے میں ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ایک قراداد منظور کی گئی تھی۔ اس قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ ایبٹ آباد میں امریکی کارروائی کے نیتجے میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کی تحقیقات کے لیے ایک آزاد کمیشن تشکیل دے۔
قرارداد کو منظور ہوئے دو ہفتے سے زیادہ عرصہ ہوگیا ہے لیکن ابھی تک یہ کمیشن قائم نہیں کیا جا سکا ہے اور حزب مخالف کی جماعتوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ پارلیمنٹ کی قرارداد پر عمل درآمد کرنے میں ناکام رہی ہے جو باعثِ تشویش ہے۔















