بھٹو مقدمہ: آڈیو ریکارڈنگ طلب

وفاقی وزارت قانون نے سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف قتل کے مقدمہ کی عدالتی کارروائی کی آڈیو ریکارڈرنگ کے حصول کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔
اس ضمن میں وزارت قانون کے مشیر نے رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ کے روبرو درخواست دائر کی ہے۔ وزارت قانون کے مشیر عارف چودھری ایڈووکیٹ کے بقول ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف قتل کے مقدمہ کی ریکارڈنگ کی گئی تھی لیکن وزارت قانون کو ہائی کورٹ کی طرف سے جو ریکارڈ فراہم کیا گیا ہے اس یہ آڈیو ریکارڈنگ شامل نہیں ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف قتل کے مقدمہ کے فیصلے پر نظرثانی کے لیے ریفرنس دائر کیا ہے جس پر سپریم کورٹ کا بنچ تیرہ اپریل کو سماعت کرے گا۔
بی بی سی کے نامہ نگار عبادالحق کا کہنا ہے کہ وزارت قانون کے مشیر عارف چودھری نے درخواست میں یہ کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف مقدمہ کی سماعت لاہور ہائی کورٹ میں ہوئی تھی اور لانگ پلے پر اس مقدمہ کی پہلے دن سے آخری دن تک تمام کی تمام کارروائی ریکارڈ کی گئی تھی اور یہ آڈیو ریکارڈنگ مقدمہ کا ایک اہم ریکارڈ ہے اس لیے درخواست گزار کو یہ تمام ریکارڈ فراہم کیا جائے۔
عارف چودھری ایڈووکیٹ نے ہائی کورٹ سے یہ بھی استدعا کی ہے کہ وزارت قانون کو ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف مقدمہ کی ایف آئی آر کی جو مصدقہ نقل فراہم کی گئی ہے اس تحریر کو پڑھنے میں دشواری آرہی ہے اس لیے ایف آئی آر کی ایسی نقل انہیں فراہم کی جائے جسے آسانی سے پڑھا جاسکے۔
خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے فل بنچ نے ذوالفقار علی بھٹو کو نواب احمد خان کے قتل کی سازش کے الزام میں موت کی سزا سنائی تھی اور سپریم کورٹ کے بنچ نے کثرت رائے سے اس سزا کو برقرار رکھا جس کے بعد ذوالفقار علی بھٹو کو چار اپریل انیس اناسی کو پھانسی دے دی گئی تھی ۔















