زرداری: چوتھا خطاب، پہلا صدر

صدر آصف علی زرداری منگل کو پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے کوئی منتخب صدر چوتھی مرتبہ ایک ہی پارلیمان سے خطاب کر رہے ہیں۔
صدر کے خطاب کے موقع پر پارلیمان کے آس پاس سکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کر دیے گئے ہیں اور قریبی عمارتوں پر نشانچی بٹھائے گئے ہیں۔
آئین کے مطابق صدرِ مملکت پر لازم ہے کہ وہ نئے پارلیمانی سال کے آغاز کے موقع پر دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں۔
اسلام آباد میں نامہ نگار اعجاز مہر کے مطابق ماضی میں اکثر اسمبلی توڑے جانے کے سبب چوتھی بار صدر کے خطاب کی نوبت ہی نہیں آتی تھی۔ سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے دور میں قومی اسمبلی نے پانچ برس پورے تو کیے لیکن ایک بار حزب مخالف کی جانب سے گھیراؤ کرنے اور شدید احتجاج کے بعد وہ دوبارہ پارلیمان سے خطاب کرنے نہیں آئے۔
تاہم غیر منتخب صدور میں سے سابق فوجی آمر ضیاالحق اور غلام اسحاق خان پانچ پانچ بار پارلیمان کو خطاب کر چکے ہیں۔
حزب مخالف کی جماعتیں صدر زرداری کے خطاب کے دوران ایوان کے اندر اور باہر احتجاج کی تیاری کر رہی ہیں جبکہ حکومت انہیں منانے اور احتجاج نہ کرنے پر آمادہ کرنے میں مصروف ہے۔
حکومت کہتی ہے کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے اور یہ عمل اس بات کا عکاس ہے کہ پاکستان میں جمہوری اقدار مضبوط ہو رہی ہیں۔
یہ بات وزیراعظم نے پیر کو اپنی اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقات میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ موجود حکومت نے مصالحت کی سیاست کا آغاز کر کے نئی سیاسی روایت شروع کی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اجلاس میں سینیٹ اور قومی اسمبلی میں حکومت کی اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماوں جن میں عوامی نیشنل پارٹی کے اسفند یار ولی، متحدہ قومی موومنٹ کے فاروق ستار، مسلم لیگ فنکشنل کے جہانگیر ترین، بلوچستان نیشنل پارٹی کے اسرار اللہ زہری، بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے یعقوب بزنجو اور فاٹا کے سجاد حسین طوری نے شرکت کی۔
سید یوسف رضا گیلانی نے حکومت کی اتحادی جماعتوں کے سربراہان کو وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار علی خان، سندھ کے گورنر عشرت العباد اور جمیعت علما اسلام کے فضل الرحمٰن سے ہونے والی بات چیت سے بھی آگاہ کیا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس کے بعد وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ اور نوید قمر نے چوہدری شجاعت حسین اور وزیر داخلہ رحمٰن ملک کی سربراہی میں حکومتی وفد نے مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کی اور ان سے درخواست کی کہ وہ صدر کے خطاب کا بائیکاٹ یا اس موقع پر احتجاج نہ کریں۔
اس سلسلے میں میاں رضا ربانی کی سربراہی میں حکومتی وفد مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری نثار علی خان سے پہلے ہی بات کر چکا ہے۔ اپوزیشن کی جماعتوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنا حتمی فیصلہ صدر کے خطاب سے چند گھنٹے پہلے بلائے گئے اپنی اپنی پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاسوں میں کریں گے۔
مسلم لیگ (ق) نے صدر کے خطاب کا بائیکاٹ کرنے اور پارلیمان کے باہر ڈرون حملوں اور ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن حکومتی رابطے کے بعد امکان ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں گے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ حج سکینڈل میں گرفتار سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور حامد سعید کاظمی کواجلاس میں لایا جائے۔



















