بحرین میں پاکستانیوں پر حملے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
- مصنف, ذوالفقار علی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
- وقت اشاعت
بحرین میں مقیم پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ وہاں حکومت مخالف مظاہرین کی طرف سے پاکستانی تارکین وطن پر حملے ہوئے ہیں جن میں کم از کم دو پاکستانی ہلاک اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔
تاہم پاکستان کی وزارت خارجہ نے صرف ایک شخص کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔
بحرین چیمبر آف کامرس کے بورڈ کے رکن پاکستانی نژاد بحرینی شہری محمد ساجد شیخ نے بی بی سی کو ٹیلیفون پر بتایا کہ بحرین میں پاکستانی شہریوں پر حملے دارالحکومت مناما میں ہوئے ہیں جہاں زیادہ تر پاکستانی اپنے اہل خانہ کے ساتھ مقیم ہیں۔ انھوں نے کہا یہ حملے شیخ عبداللہ روڈ اور مرکز نعیم میں میں ہوئے۔
محمد ساجد شیخ نے جو تیس سال سے بحرین میں مقیم ہیں کہا کہ حکومت مخالف مظاہرین رات کے وقت پاکستانیوں کےگھروں میں گھس کر مکینوں پر ’تلواروں، خنجروں اور ڈنڈوں سےحملہ کررہے ہیں‘۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ حملے اتوار کی رات سے اچانک اس وقت شروع ہوئے بہت سے لوگ گھروں میں سو رہے تھے۔
محمد ساجد شیخ نے کہا کہ ان حملوں کے نتیجے میں دو پاکستانی نوجوان ہلاک ہوئے جبکہ لگ بھگ پچاس زخمی ہوئے جو بحرین ڈیفنس فورس کےاسپتال میں زیر علاج ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اس کے علاوہ یہ اطلاع بھی ملی ہے کہ تین چار زخمیوں کو ایمبولینس میں ہسپتال لے جاتے ہوئے اغوا کیا گیاہے۔
محمد ساجد شیخ نے بتایا کہ’بہت سارے پاکستانی بحرین میں پولیس اور ڈیفنس فورس میں بہت برسوں سے ملازم ہیں اور چونکہ بحرین میں پولیس اور فوج مظاہرین کے خلاف کارروائی کر رہی ہے لہذا اسی کے رد عمل میں پاکستانیوں پر حملے کیے جا رہے ہیں۔
ساجد شیخ نے بتایا ’وہ ( حکومت مخالف بحرینی) نہیں چاہتے ہیں کہ ہمارے لوگ بحرین میں رہیں یا یہاں ملازمت کریں۔ وہ چاہتے ہیں ہم لوگ یہاں سے نکل جائیں‘۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

بحرین میں پچاس ہزار سے زیادہ پاکستانی مقیم ہیں لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ بحرینی سیکیورٹی فورسز میں خدمات انجام دینے والے پاکستانیوں کی صحیح تعداد کیا ہے۔البتہ پاکستانی نژاد بحرینیوں کا کہنا ہے کہ ان کی تعداد ہزاروں میں ہے۔ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد مزدوری بھی کرتی ہے اور کچھ ڈاکڑز اور انجینیئرز بھی ہیں۔بہت سے پاکستانی کئی دہائیوں سے وہاں آباد ہیں اور انھیں بحرین کی شہریت بھی ملی ہے۔
انھوں نے کہا کہ صورت حال نازک ہے اور بحرین میں دو تین علاقے خطرناک ہیں اور’ ہم پاکستان کے سفارتخانے سے مل کر ان علاقوں سے پاکستانی شہریوں محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی کوشش کررہے ہیں‘۔
ساجد شیخ نے کہا کہ ان حملوں کی وجہ سے پاکستان کے تارکین وطن میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے اور وہ اپنے گھروں میں قید ہوکر رہ گئے ہیں اور خوف کی وجہ سے باہر نہیں نکلتے۔
انھوں نے حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ بحرین میں پاکستانیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور انھیں سیکورٹی فراہم کرنے کے لیے بحرین کی حکومت سے بات کرے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’ہم اس ملک سے پیار کرتے ہیں، ہم یہاں رہ رہے ہیں اور یہیں رہیں گے اور ہم اس ملک کے لیے لڑیں گے لیکن ساتھ ہی ہم اپنے خاندانوں اور بچوں کا تحفظ چاہتے ہیں‘۔
بحرین میں پاکستانی نژاد کینڈا کے شہری شکیل ملک نے بی بی سی بات کرتے ہوئے کہا ان حملوں کے بعد پاکستانیوں میں خوف پایا جاتا ہے۔
’پیر کو لگ بھگ ایک سو غیر شادی شدہ پاکستانی نوجوان بحرین میں پاکستان کے سفارت خانے کے باہر موجود تھے اور ان کا مطالبہ تھا کہ انھیں واپس پاکستان بھیجا جائے یا پھر ان کو تحفظ فراہم کیا جائے‘۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ وہ پاکستانی نوجوان تھے جنھیں اتوار کے رات کو حملوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم ان کے بقول بحرین کی حکومت کی پاکستانی تارکین وطن کو مکمل حمایت حاصل ہے۔
بحرین کی صورت حال جاننے کے لیے ماناما میں پاکستان کے سفارت خانے میں ناظم الامور مسٹر اورنگزیب سے ٹیلفیون پر رابط کیا گیا لیکن انھوں نے کہا کہ پاکستان کی وزارت خارجہ کو تفصیلات فراہم کر دی گئیں ہیں اوروہی اس معاملے پر بات کرنے کی مجاز ہے۔
اسی دوران پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان تہمینہ جنجوعہ نے بی بی سی بات کرتے ہویے بحرین میں ایک پاکستانی کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔انھوں نے کہا کہ سفارت خانے نے بتایا ہے کہ ایک پاکستانی ہلاک ہوا ہے اور کچھ زخمی ہوئے ہیں۔’ہم صورت حال کی نگرانی کر رہے ہیں اور سفارت خانے نے بحرین کی حکومت سے رابط کیا ہے اور اس سے کہا گیا ہے کہ وہ پاکستانیوں کو بہتر سکیورٹی فراہم کرے‘۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
واضح رہے کہ چند روز پہلے پاکستانی اخبارات میں پاکستان کی فوج سے منسک ادارے فوجی فاؤنڈیشن کی طرف سے ایک اشتہار شائع ہوا تھا جس میں بحرین نشنل گارڈ میں بھرتیوں کے لیے سولین، سابق فوجی اور پولیس اہلکاروں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
لیکن اس اشتہار میں آسامیوں کی تعداد نہیں دی گئی تھی۔
یہ اشتہارات ایک ایسے مرحلے پر شائع ہوا تھا جب بحرین میں حکومت مخالف مظاہرین مطالبہ کررہے ہیں کہ ان کے ملک کی سیکیورٹی فورسز میں غیرملکیوں کی بھرتی کا عمل بند کیا جائے۔
اس اشتہار کی اشاعت کے بعد بحرین کے انسانی حقوق مرکز نے ایک بیان میں پاکستانیوں کی بحرینی سیکیورٹی فورسز میں بھرتی پر احتجاج کیا ہے۔



















