رحمانیہ این او سی !

- مصنف, وسعت اللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
- وقت اشاعت
آئندہ اگر پرائڈ آف پرفارمنس گلوکار غلام علی کو’چپکے چپکے رات دن آنسو بہانا یاد ہے‘ گانا ہے تو حسرت موہانی کی یہ غزل دہلی میں سنانے کے لیے انہیں اسلام آباد کے وفاقی سیکریٹریٹ کے کسی کمرے میں پھٹیچر سی کرسی پر جھولتے، آدھی عینک کے پیچھے سے دیکھنے والے ، فوجی کٹ ہئیر سٹائل میں پیلی قمیض پر کلیجی ٹائی لگائِے وزارتِ داخلہ کے ایک سیکشن افسر کے گھٹنے پر ہاتھ رکھنے پڑیں گے۔
پھر اسے اردو اور تحریکِ پاکستان کے لیے حسرت موہانی کی خدمات سے آگاہ کرنا پڑے گا۔اور اس پر بھی قائل کرنا ہوگا کہ مجھ غلام علی کا دہلی کے ہندوؤں کے دل پر پاکستان کی ثقافتی دھاک بٹھانا کتنا ضروری ہے۔اور ہندوستان کی ثقافتی یلغار کو روکنے کے اس جہاد میں حضورِ والا کا نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ کتنا مددگار ہوسکتا ہے۔
یعنی اب کے بعد وزارتِ داخلہ کا ایک پینتیس سالہ سیکشن آفسر ستر سالہ گلوکار غلام علی کے بارے میں فیصلہ کرے گا کہ کیا وہ اتنے ذمہ دار پاکستانی فن کار ہیں کہ انہیں بیرونِ ملک جانے کا این او سی جاری کیا جاسکے ؟؟
اب صرف کسی بیرونی یونیورسٹی میں پاپڑ بیل کر داخلہ ملنا کافی نہیں ہے۔اس سے بھی زیادہ اہم یہ ہے کہ طالبِ علم وزارتِ داخلہ کے بابو پر یہ ثابت کرسکے کہ بیرونِ ملک اعلٰی تعلیم کا حصول کسی طرح بھی پاکستان دشمن سرگرمی کے دائرے میں نہیں آتا۔طالبِ علم کے لیے ضروری ہے کہ وہ این او سی جاری ہونے تک متعلقہ بابو صاحب کی ایک ایک بات دھیان سے بطور حکم سنے اور بجالائے۔اگر بابو بادشاہ خفا ہوگیا اور اس نے طالبِ علم کی حب الوطنی کی تصدیق کا کیس متعلقہ تھانے میں بھیج دیا تو یونیورسٹی تو گئی بھاڑ میں۔ خود طالبِ علم کو لینے کے دینے پڑ سکتے ہیں۔
اگر آپ ایک طرم خان صحافی ہیں تو ہوتے رہیں۔اب آپ کی دھونس دھاندلی اور بلیک میلنگ کا دور ختم۔آپ کو بیرونِ ملک والدہ کے علاج کے لیے جانا ہو یا سیمینار میں شرکت کرنی ہو یا پھر آزادیِ صحافت کا میڈل پہننا ہو۔اب تمام راستے وزیرِ داخلہ رحمان ملک کے دفتر ، گھر ، موبائیل فون یا گاڑی کے ٹائروں کے نیچے سے ہوکر جائیں گے۔
نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ جیسی آمریت کی فرسودہ نشانی کو تئیس برس پہلے جب بے نظیر بھٹو کی پہلی حکومت نے ختم کیا تو اس وقت رحمان ملک ایف آئی اے میں کہیں اسٹنٹ ڈائریکٹر وغیرہ تھے۔
شائد فن کار ، طالبِ علم یا صحافی کو نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ کی نہ پہلے ضرورت تھی نہ آج ہے۔ البتہ اس سے رحمان ملک جیسوں کا احساسِ کمتری ضرور کم ہوسکتا ہے۔انہوں نے وزیرِ داخلہ بنتے ہی سب سے پہلے آئی ایس آئی کو وزارتِ داخلہ کا این او سی لینے کے لیے پابند کرنے کی کوشش کی ۔لیکن آئی ایس آئی نے جانے ایسا کیا ناقابلِ بیان حربہ استعمال کیا کہ چار گھنٹے کے اندر اندر رحمان ملک کو نوٹیفکیشن واپس لینا پڑ گیا۔
اس کے بعد رحمان ملک کے شوقِ دبدبہ نے صوبائی محکمہ جاتِ داخلہ کو وفاقی وزارتِ داخلہ سے مشاورت کی نتھ پہنانے کی کوشش کی ۔مگر صوبائی حکومتوں نے بھی ملک صاحب کو دھتا بتا دیا۔حتی کہ رینجرز اور ایف سی بھی رحمان ملک کے احکامات پراستہزائیہ انداز میں یس سر کہنے کے عادی ہوچکے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
چنانچہ اس ملک میں لے دے کہ غریب فن کار ، صحافی اور طلبا ہی بچے ہیں جنہیں نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ دہشت گرد ، خود کش ، جنونی ، ریپسٹ ، اغوائی ، قاتل ، جاسوس ، نوسر باز ، زمین ہڑپ، ٹیکس چور ، غبن نواز ، کمیشن خور وغیرہ ملک سے جانے اور آنے کے لیے رحمانیہ این او سی سمیت کسی بھی اجازت نامے سے مستشنی ہیں۔



















