مسلم لیگ قاف کے اراکین کو شوکاز نوٹس

پنجاب اسمبلی میں حزب مخالف کی جماعت مسلم لیگ قاف نے اپنے ان اراکین کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے ہیں جنہوں نے صوبائی اسمبلی کے اندر یونیفکیشن کے نام سے الگ گروپ بنا کر اپنی جماعت سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔
یہ شوکاز نوٹس مسلم لیگ قاف کی طرف سے صوبائی پارلیمانی لیڈر اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری ظہیرالدین خان کی طرف سے بھجوائے گئے ہیں۔
مسلم لیگ قاف کے مطابق پہلے مرحلہ میں یونیفکیشن گروپ کے پندرہ ارکان کو نوٹس بھجوائے گئے۔
چودھری ظہیرالدین خان نے شوکاز نوٹسوں میں یونیفکیشن گروپ کے ارکان پر پارٹی سے غداری کا الزام لگاتے ہوئے انہیں تین دنوں میں نوٹس کا جواب دینے کا کہا ہے اور خبردار کیا ہے کہ جواب نہ دینے کی صورت میں ان کے خلاف الیکشن کمیشن کے سامنے نااہلی کے ریفرنس دائر کیے جائیں گے۔
مسلم لیگ قاف کے سینتالیس ارکان نے رکن اسمبلی ڈاکٹر طاہر علی جاوید کو پارلیمان لیڈر چن کر سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال کو الگ نشستیں الاٹ کرنے کی درخواست دی تھی۔
لاہور سے نامہ نگار عبادالحق کا کہنا ہے کہ پنجاب کے ڈپٹی سپیکر رانا مشہود احمد خان کے بقول یونیفکیشن گروپ کے ارکان کی درخواست منظور ہونے پر انہیں الگ سے نشستیں الاٹ کردی گئیں ہیں۔
مسلم لیگ قاف کی طرف سے یونیفکشین گروپ کے ارکان کو شوکاز نوٹسز ایک ایسے موقع پر بھجوائے گئے ہیں جب صوبے میں حکمران جماعت مسلم لیگ نون اپنی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کو حکومت سے علیحدہ کرنے کے بارے میں غور کر رہی ہے تاہم اس بارے میں حتمی فیصلہ پچیس فروری کو کیا جائے گا۔
شوکاز نوٹسں میں یونیفکیشن گروپ کے ارکان کو کہاگیا کہ انہوں نے مسلم لیگ قاف پنجاب کے صدر چودھری پرویز الہیْ کو باقاعدہ درخواست دے کر پارٹی ٹکٹ لیا تھا اور بائیسکل کے انتخابی نشان پر کامیاب ہوئے۔ مسلم لیگ قاف پنجاب اسمبلی میں واحد حزب اختلاف کی جماعت ہے لیکن یونیفکیشن گروپ کے بھیس میں ان ارکان نے حکومتی نشستیں حاصل کرلیں ہیں حالانکہ الیکشن کمیشن میں یونیفکیشن گوپ کی کوئی رجسٹریشن نہیں ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نوٹسز میں یونیفکشین گروپ کے ارکان سے یہ بھی کہاگیا کہ وہ پارٹی فیصلے کے برعکس وزیر اعلیْ پنجاب شہباز شریف سے ملاقاتیں کر رہے ہیں اور انہوں وزیر اعلیْ کی حمایت کا بھی اعلان کیا ہے۔
چودھری ظہیرالدین کے بقول پارٹی سے غداری اور راہ فرار اختیار کر کے الگ گروپ بنانے اور حکومتی پارٹی سے ملنے کے اقدامات قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں۔
شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ تین دنوں میں تسلی بخش جواب نہ ملنے پر ان کے خلاف نا اہلی کے ریفرنس بھیجے جائیں گے۔
پنجاب اسمبلی کے تین سواکہتر کے ایوان میں سابق حکمران جماعت مسلم لیگ قاف کو عام انتخابات میں اکیاسی نشستیں ملی تھیں تاہم اب سینتالیس ارکان کی طرف سے یونیفیکیشن کے نام سے الگ گروپ بنانے کے بعد مسلم لیگ قاف کے ارکان کی تعداد چونتیس رہ گئی ہے۔



















