’کراچی امن کے لیے مذاکرات ضروری‘

آصف علی زرداری
،تصویر کا کیپشنحکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیلز پارٹی میں ’ایم کیو ایم کی فرمائشوں‘ میں اضافے کی وجہ سے کافی تشویش پائی جاتی ہے
وقت اشاعت

پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سختی سے نمبٹا جائے گا۔

اسلام آباد میں حکمران جماعت پیپلز پارٹی کے اجلاس کی صدارت پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی نے مشترکہ طور پر کی۔

اجلاس سے خطاب کرت ہوئے صدر آصف علی زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا ہےکہ کراچی میں پائیدار امن قائم کرنے کے مذاکرات کے سلسلے کو آگے بڑھایا جائے گا۔

صدر زرداری کا کہنا تھا ملک کی سب سے بڑی جماعت ہونے کے ناطے پیپلز پارٹی ملک کے سیاسی استحکام کے لیے بھر پور کردار ادا کرے گی اور کراچی میں قیامِ امن کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کی مدد لی جائے گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل حل کرنے کے لیے حکومت سیاسی جماعتوں کی جانب سے دی گئی تجاویز پر عمل درآمد کرےگی۔

دریں اثناء پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت نے کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کی انتظامیہ کی جانب سے چار ہزار ملازمین کو نوکریوں سے نکالنے کے فیصلے کا سخت نوٹس لیا اور اُسے کمپنی کی نجکاری کے معاہدے کی روح کے منافی قرار دیا ہے۔اجلاس میں پارٹی کے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وہ محنت کش طبقے کے ساتھ کھڑی رہے گی اور انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔

گزشتہ رات اسلام آباد میں پارٹی کے شریک چیئرپرسن اور صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیرِِاعظم یوسف رضا گیلانی کی مشترکہ صدارت میں ہونے والے پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں اس مسئلے کے حل کے لیے وزیراعظم کے مشیر سنیٹر رضا ربانی اور وفاقی وزراء راجہ پرویز اشرف، سید خورشید شاہ پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جسے صوبہ سندھ کے گورنر اور وزیر اعلی کی مشاورت سے اس مسئلے کے حل کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

اسلام آباد سے ہمارے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ حکومتی ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کو اپنی اتحادی جماعتوں متحدہ قومی موومنٹ اور عوامی نیشنل پارٹی کے اختلافات کی وجہ سے کراچی کی صورتحال آئے روز خراب ہونے پر کافی تشویش ہے۔

کور کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، مخدوم امین فہیم، راجہ پرویز اشرف، سید خورشید احمد شاہ، نوید قمر، میاں رضا ربانی، بابر اعوان، قمر الزمان کائرہ، نذر گوندل اور فرحت اللہ بابر شرکت کی۔

ذرائع نے بتایا کہ میاں رضا ربانی جو جمعہ کو کراچی جانے والے تھے، انہیں ایوان صدر میں بلائے گئے کور کمیٹی کے اجلاس کی وجہ سے کراچی جانے سے روک دیا گیا۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی میں ’ایم کیو ایم کی فرمائشوں‘ میں اضافے کی وجہ سے کافی تشویش پائی جاتی ہے اور صدر آصف علی زرداری پر اس بارے میں حتمی فیصلہ لینے کے لیے پارٹی کے اندر سے دباؤ بڑھ رہا ہے۔

حکمران پیپلز پارٹی کے پاس ایک تجویز یہ بھی زیرِ غور ہے کہ کراچی کی صورتحال کے بارے میں کسی بھی بڑے فیصلے سے قبل مسلم لیگ (ن) کی اعلانیہ حمایت حاصل کی جائے۔ اس مقصد کے لیے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اور اسفند یار ولی میاں نواز شریف سے بات کریں گے۔