’نبیل گبول کےگھر پر چھاپہ نہیں ماراگيا‘

پاکستان کے وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے کہا ہے کہ نبیل گبول کےگھر پر پولیس نے کوئی چھاپہ نہیں مارا اور ان کے مستعفی ہونے کے بعد پولیس گارڈ واپس بلائےگئے ہیں۔
جمعرات کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا ’میں نے کراچی کے سٹی پولیس چیف سے پوچھا تو انہوں نے قسم اٹھائی کہ کوئی چھاپہ نہیں مارا گیا لیکن پولیس گارڈز کو بلانے کے لیے گاڑی بھیجی تھی جو ہماری غلطی ہے کہ ہم انہیں فون کر کے بلاتے۔‘
بندر گاہوں اور جہاز رانی کے شعبے کے وزیر مملکت نبیل گبول نے بدھ کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور اس کی وجہ ذاتی معاملات بتائی گئی تھی۔
نبیل گبول نے رات گئے نامعلوم مقام سے ایک نجی ٹی وی چینل سےگفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ گزشتہ تین برسوں سے وزیر ہیں لیکن انہیں کوئی اختیار حاصل نہیں اور وہ اپنے حلقے کے لوگوں کے کام نہیں کر پاتے۔
نبیل گبول کراچی کے پرانے اور پیپلز پارٹی کا گڑھ سمجھے جانے والے علاقے لیاری سے قومی اسمبلی کے منتخب رکن اسمبلی ہیں۔ انہوں نے استعفیٰ ایک ایسے وقت دیا ہے جب کراچی میں ریجنرز کی طرف سے بلوچ آبادی والے بعض علاقوں میں چھاپے کی کارروائی چل رہی ہے۔
اٹھارویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد کئی مرکزی وزارتیں ختم کرکے صوبوں کے حوالے کی جانی ہیں اور ان میں بندرگاہوں اور جہاز رانی کی وزارت بھی شامل ہے۔
پانچ مرکزی وزارتیں جس میں بلدیات و دیہی ترقی، زکوٰۃ و عشر، فلاح و بہبودِ آبادی، نوجوانوں کے امور اور خصوصی اقدامات کے محکمے شامل ہیں پہلے ہی صوبوں کے حوالے کی جا چکی ہیں۔ جبکہ بندرگاہوں اور جہاز رانی کی وزارت سمیت پانچ دیگر وزارتیں اگلے ماہ صوبوں کو منتقل ہونی ہیں۔
بندرگاہوں اور جہاز رانی کے وفاقی وزیر متحدہ قومی موؤمینٹ کے بابر غوری ہیں اور وزارت کے امور کے بارے میں ان سے بھی نبیل گبول کے اختلافات تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















