آسمان سے گرنے والی لاش کا معمہ

لاہور میں ان دنوں ایک گھر کی چھت سے ملنے والی لاش کا معمہ پولیس اور ائرپورٹ سے متعلقہ اہلکاروں کے لیے درد سر بنا ہوا ہے۔ یہ لاش بظاہر آسمان سے چھت پر گری اور چھ روز کے بعد لاش کی شناخت تو ہوگئی لیکن یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ لاش آسمان سے کیسے آگری۔
لاہور کے میانی صاحب قبرستان میں جمعرات کی دوپہر محمد قاسم کے والدین کی موجودگی میں قبر کشائی ہوئی اور والد اور دیگر رشتہ داروں نے لاش کی شناخت کرلی۔
محمد قاسم کی لاش ان کے آبائی قبرستان منتقل کر دی گئی ہے لیکن یہ معمہ حل نہیں ہوسکا کہ وہ ہلاک کس طرح ہوا۔
پولیس کے مطابق ایک ہفتہ پہلے ایک لاش ائرپورٹ کے نزدیک واقع گھر کی چھت پر آگری۔ لاش اتنی زور سے گری کہ چھت میں دراڑ پڑ گئی اور گرنے کی آواز اردگرد کے مکینوں نے بھی سنی۔ پولیس اور مقامی لوگوں کا خیال ہے کہ یہ لاش جہاز سے گری ہے۔ محمد قاسم کے والد محمد صدیق الیکٹریشن ہیں اور وہ بھی یہی سمجھتے ہیں۔
جس گھر سے قاسم کی لاش ملی وہ لاہور ائر پورٹ کے نزدیک واقع ہے اور جہاز اس گھر کے اوپر سے گزرتے ہیں لیکن یہ معمہ حل نہیں ہوسکا کہ سولہ سالہ محمد قاسم جہاز تک کیسے پہنچا اور وہ جہاز میں ایسی کون سی جگہ پر سوار ہوا جہاں سے گرگیا۔
اس کے والد کا کہناہے کہ ان کا بیٹا اکیلا نہیں تھا بلکہ اس کا کلاس فیلو عمر جمشید بھی اس کے ہمراہ تھا، عمر جمیشد تاحال لاپتہ ہے۔ محمد قاسم کے والد کا کہنا ہے کہ دونوں دوستوں کے کپڑے اور سکول بیگ رن وے سے ملے ہیں۔
پاکستان میں بعض افراد روز گار کی تلاش میں بیرون ملک جانے کے لیے طرح طرح کے طریقے استعمال کرتے ہیں لیکن الیکٹریشن محمد رفیق کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے نے کبھی بیرون ملک جانے کی خواہش ظاہر نہیں کی تھی۔
عمر جمشید کے والد نے بھی اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرا دی ہے۔ پولیس اور دیگر متعلقہ محمکے اس بات کی تحقیق کر رہے ہیں کہ متوفی کا سکول بیگ رن وے سے کیوں ملا اور اگر محمد قاسم جہاز سے گرا ہے تو وہ جہاز تک کیسے پہنچا اور اس کے ایسے کون سے حصے میں تھا جہاں سے وہ گر گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پولیس کا کہنا ہے کہ اب اس کے دوست عمر جمشید کی تلاش ہے اور اس کی بخریت واپسی پر ہی معمہ حل ہو پائے گا کہ محمد قاسم مردہ حالت میں ایک گھر کی چھت پر کیسے پایا گیا۔



















