وائس چانسلر اجمل خان کی نئی ویڈیو

اجمل خان فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنوائس چانسلر اجمل خان کو لاپتہ ہوئے چار ماہ ہو چکے ہیں
وقت اشاعت

اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر اجمل خان کو اغوا ہوئے چار ماہ ہو گئے ہیں لیکن اب تک ان کی بازیابی عمل میں نہیں لائی جاسکی۔

اتوار کے روز ان کی ایک نئی ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں انہوں نے حکومت سے اپنی بازیابی کی اپیل کی ہے۔ یونیورسٹی کے اساتذہ کی تنظیم کا کہنا ہے کہ تمام جامعات کے نمائندہ عہدیداران کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

وائس چانسلر اجمل خان کو سات ستمبر دو ہزار دس کو یونیورسٹی کے احاطے سے اغوا کیا گیا اور چار ماہ میں ان کی یہ تیسری ویڈیو جاری کی گئی ہے۔ اس ویڈیو میں اجمل خان نے حکومت سے کہا ہے کہ ان کی بازیابی کے لیے کوششیں کی جائیں۔ ویڈیو میں انہوں نے کہا ہے کہ اغوا کاروں نے اب تک ان سے اچھا سلوک کیا ہے اور اب حکومت کو ان سے مذاکرات کرنے چاہییں۔

یہ ویڈیو گزشتہ روز ذرائع ابلاغ کو جاری کی گئی ہے لیکن پیر کی صبح ان کی بازیابی کے لیے پشاور کی یونیورسٹیز میں کسی قسم کی آواز نہیں اٹھائی گئی۔

گزشتہ سال نومبر میں جب ان کی دوسری ویڈیو جاری کی گئی تھی تو اس کے بعد اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے علاوہ پشاور کی دیگر جامعات میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے تھے اور حکومت سے کہا گیا تھا کہ اجمل خان کو بازیاب کرایا جائے۔

دوسری ویڈیو میں اغواء کاروں نے بیس نومبر کی حتمی تاریخ بھی دی تھی لیکن بعد میں یہ ڈیڈ لائن واپس لے لی گئی تھی۔ اجمل خان کو اغوا کرنے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔ اغواء کاروں کے مطالبات تو سامنے نہیں آئے لیکن بعض زرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے ساتھیوں کی رہائی اور تاوان طلب کیا ہے۔

اس بارے میں اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے اساتذہ کی تنظیم کے صدر ضیاءاللہ صحرائی سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ اجمل خان کی بازیابی کے لیے ان کی کوششیں جاری ہیں اور وہ حکومت سے رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوموار کو شام کے وقت تمام یونیورسٹیز کے نمائندہ عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

ضیاءاللہ صحرائی کے مطابق اس اجلاس میں پشاور کی جامعات کے علاوہ کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان کی گومل یونیورسٹی کے عہدیدار بھی شرکت کریں گے۔

یاد رہے نومبر کے مہینے میں صوبے کی تمام جامعات احتجاج غیر معینہ مدت تک کے لیے بند کر دی گئی تھیں لیکن ایک ماہ سے کم عرصے میں ہی جامعات یہ کہہ کر دوبارہ کھول دی گئی تھیں کہ اس سے طالبعلموں کا وقت ضائع ہو رہا ہے۔

اس سے پہلے کوہاٹ یونیورسٹی کے وائس چانسلر لطف اللہ کاکاخیل کو بھی اغواء کیا گیا تھا جن کی بازیابی کے لیے مبینہ طور پر اغوا کاروں کو بھاری رقم کی ادا کی گئی تھی۔

اجمل خان صوبے کی ایک بڑی اور تاریخی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے علاوہ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی کے چچا زاد بھائی ہیں اور انہوں نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ انہیں اسی لیے اغواء کیا گیا ہے کیونکہ ان کا تعلق ایک سیاسی گھرانے سے ہے۔

اس بارے میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر زاہد خان سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر ہی ان کی جماعت اس بارے میں اپنا موقف بیان کرے گی۔ صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین سے رابطے کی بارہا کوشش کی گئی لیکن ان سے رابطہ نہ ہو سکا۔