باجوڑ ایجنسی، دو سرکاری سکول تباہ

پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم شدت پسندوں نے دو سرکاری سکولوں کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کردیا ہے۔
مقامی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب کو باجوڑ ایجنسی کے تحصیل نوگئی میں نامعلوم مُسلح افراد نے دو سرکاری سکولوں کو بارودی مواد سے تباہ کر دیا۔ حکام کے مطابق دونوں سکولوں کے عمارتیں تباہ ہوگئی ہیں۔
تباہ ہونے والے سکول میں ایک لڑکیوں اور ایک لڑکوں کے پرائمری سکول شامل تھے۔جو ایک دوسرے کے قریب واقع تھے۔
اہلکار نے پشاور میں نامہ نگار دلاورخان وزیر کو بتایا کہ اس واقعہ کے بعد مقامی انتظامیہ نے نوگئی میں اجتماعی ذمہ داری کے تحت کارروائی شروع کی ہے لیکن تاحال کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صدر مقام خار اور نوگئی کے درمیان تمام راستوں پر لیویز اور خاصہ دار فورس کے درجنوں اہلکاروں کو تعینات کیاگیا ہے جو آنے جانے والوں کی تلاشی لی جا رہی ہے۔
سرکاری اعداد شمار کے مطابق باجوڑ ایجنسی میں اب تک سو کے قریب لڑکوں اور لڑکیوں کے سکولوں کو تباہ کیا جاچکا ہے اور گزشتہ دو سالوں سے باجوڑ ایجنسی کے مختلف علاقوں میں سکول بند ہونے وجہ سے بچے اور بچیاں تعلیم کے حصول سے محروم ہیں۔
اس واقعہ کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان مہمند ایجنسی کے ترجمان سجاد خان نے قبول کی ہے۔انہوں نے بی بی سی کو ٹیلی فون کر کے بتایا کہ سکولوں پر حملے ان کے حکمت عملی میں شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق وہ انگریزی تعلیم کے بھی مخالف ہیں۔















