آپریشن کے بعد مینگورہ میں پہلی کارروائی

 فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنسوات میں مئی دو ہزار نو میں ہونے والے فوجی آپریشن کے بعد سکیورٹی فورسز کو سارے علاقے پر کنٹرول حاصل ہوگیا تھا اور اس دوران سکولوں پر حملے بند ہوگئے تھے
وقت اشاعت

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کی وادی سوات میں پچھلے سال ہونے والے فوجی آپریشن کے بعد پہلی مرتبہ صدرمقام مینگورہ کے قریب مسلح افراد نے ایک سکول کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کی کوشش کی جس سے سکول کے دو کمرے تباہ ہوگئے۔

سوات کے اعلیٰ اہلکار کے مطابق یہ واقعہ پیر کی رات مینگورہ شہر سے تقریباً چار کلومیٹر دور کوزہ بانڈئی کے مقام پر پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افراد نے لڑکوں کے ایک پرائمری سکول کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنانے کی کوشش کی جس سے دو کمرے تباہ ہوگئے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سکول آٹھ کمروں پر مشتمل تھا تاہم دیگر کمروں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔

ادھر اس واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے کوزہ بانڈئی اور امام ڈھرئی کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا اغاز کردیا ہے اور اس دوران آٹھ مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ امام ڈھرئی کا علاقہ پہلے سوات طالبان کےایک مرکز کے طور پر جانا جاتا تھا اور طالبان سربراہ مولانا فضل اللہ بھی اسی علاقے میں رہائش پذیر رہے ہیں۔

باجوڑ سکول فوٹو

خیال رہے کہ سوات میں مئی دو ہزار نو میں ہونے والے فوجی آپریشن کے بعد سکیورٹی فورسز کو سارے علاقے پر کنٹرول حاصل ہوگیا تھا اور اس دوران سکولوں پر حملے بند ہوگئے تھے۔ لیکن سمتبر اور اکتوبر کے مہینوں میں بالائی سوات کے علاقے کالام میں دو سکولوں کو مسلح افراد نے دھماکہ خیز مواد سے تباہ کردیا تھا جس کی ذمہ داری سوات طالبان کے ترجمان نے قبول کرلی تھی۔

لیکن لوئر سوات اور مینگورہ شہر کے قریب فوجی آپریشن کے بعد کسی سکول پر ہونے والا یہ اپنی نوعیت کا یہ پہلا حملہ ہے۔

پچھلے ایک ماہ کے دوران سوات کے مختلف علاقوں سے بیس سے زائد عسکریت پسندوں کی لاشیں ملی ہیں۔ سوات میڈیا سنٹر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ تمام شدت پسند مختلف کارروائیوں کے دوران مارے گئے ہیں تاہم مقامی لوگوں اور طالبان کا موقف اس سے مختلف ہے۔