سندھ جکومت جی ایس ٹی وصول کرے گی

سندھ حکومت چار شعبوں کے علاوہ تمام شعبوں پر خدمات پر جنرل سیلز ٹیکس وصول کرے گی جبکہ دیگر تینوں صوبوں نے وصولی کے اختیارات وفاقی حکومت کو دے دیے ہیں۔
اسلام آباد میں ٹیکس اصلاحات کے بارے میں اجلاس میں شرکت کے بعد وزیر اعلیٰ کے مشیر قیصر بنگالی نے بی بی سی کو بتایا کہ بینکنگ ، تعمیرات، فرینچائز اور ایڈورٹائزمنٹ کی سروس پر جنرل سیلز ٹیکس وفاقی حکومت وصول کرے گی جبکہ وصولی کی نصف رقم سندھ حکومت کو دی جائےگی۔
کراچی سے بی بی سی کے نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق موجودہ دور حکومت میں تشکیل دیے گئے ساتویں مالیاتی ایوارڈ میں سروسز پر جنرل سیلز ٹیکس پر صوبوں کا اختیار دیا گیا تھا اور اٹھارہویں آئینی ترمیم میں اسے آئینی تحفظ فراہم کیا گیا۔
قیصر بنگالی کا کہنا ہے کہ خدمات پر جنرل سیلز ٹیکس کی وصولی سے پچیس ارب رپوں کی آمدنی متوقع تھی مگر سیلاب کے بعد اس صورتحال میں تبدیلی ہوگئی ہے اور اس کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی حکومت کا موقف تھا کہ صوبوں کے پاس ٹیکس وصولی کا مربوط نظام موجود نہیں اور وہ صوبائی ٹیکس بھی مکمل طور پر وصول نہیں کیے جاسکتے لہاذہ وصولی کا اختیار وفاق کے پاس ہی رہنا چاہیے۔
پنجاب، خیبر پختون خواہ اور بلوچستان حکومت نے وفاقی حکومت کو ٹیکس وصول کرنے کے اختیار دے دیے جبکہ سندھ نے اس پر سخت موقف اختیار کیا۔
قیصر بنگالی کا کہنا ہے کہ یہ خواہ مخواہ الزام تھے، سندھ نے اپنا نظام بنالیا ہے، سندھ ریوینیو بورڈ قائم ہو گیا ہے اس کے افسران بھی تعینات کردیئے گئے ہیں، وہ ٹیکس کی وصولی کے لیے تیار ہیں اور یکم اکتوبر سے یہ وصولی کی جائےگی۔
کچھ اطلاعات کے مطابق مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے بھی قرضے کے لیے سروسز پر جی ایس ٹی کی وصولی کا اختیار وفاقی حکومت کے پاس رکھنے کی شرط عائد کی تھی، مگر قیصر بنگالی کا کہنا ہے کہ اس میں آئی ایم ایف کا کوئی کردار نہیں ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















