ڈرون حملوں میں سات ہلاک

ڈرون
،تصویر کا کیپشنگزشتہ چند ہفتوں سے امریکی ڈورن حملوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے
وقت اشاعت

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں افغان سرحد کے قریب دو امریکی جاسوس طیاروں کے حملوں میں سات افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں بعض غیر مُلکی اور مقامی طالبان بتائے جاتے ہیں۔

شمالی وزیرستان میں ایک سرکاری اہلکار نے بی بی سی کے نامہ نگار دلاور خان وزیر کو بتایا کہ اتوار کی شام ساڑھے چھ بجے شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ سے کوئی پچیس کلومیٹر دور مغرب کی جانب تحصیل دتہ خیل کے دو مختلف علاقوں ڈانڈ کلے اور تیمور کلے میں دو امریکی جاسوس طیارے سے دو مشکوک گاڑیوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں سات افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے ہیں۔

اہلکار کے مطابق دو نوں گاڑیوں پر سات میزائل داغے گئے ہیں جس کے نتیجہ میں گاڑیاں بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئیں ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ دونوں گاؤں ڈانڈ کلے اور تیمور کلے افغان سرحد کے بالکل قریب واقع ہے۔ جسں میں وزیرقبائل آباد ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق دونوں گاڑیوں میں مشتبہ طالبان ہی سوار تھے۔ لیکن اب یہ معلوم نہیں کہ ہلاک ہونے والوں کا تعلق کس گروپ ہیں۔

بعض سرکاری ذرائع کے مطابق گاڑی میں چند غیر مُلکی بھی سوار تھے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں پر گزشتہ کئی دنوں سے چھ سے آٹھ امریکی جاسوس طیارے پرواز کر رہے ہیں جس کی وجہ سے عام شہریوں میں خوف کی فضاء موجود ہیں۔

ایک مقامی شخص نے بی بی سی کو بتایا کہ حملے کے دوران آٹھ امریکی جاسوس طیاریں فضاء میں نیچی پروازیں کررہے تھے۔اور طیاروں کے شور سے ہزاروں لوگ گھروں سے نکل آئے تھے۔

امریکی جاسوس طیارے کے اس حملے کے بعد طالبان جنگجوؤں اور مقامی لوگوں نے وہاں امدادی کارروائیاں شروع کی ہیں اور لاشیں اور زخمیوں کو قریبی پہاڑی سلسلے میں منتقل کردیا ہے۔

میرانشاہ کے مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے بارے میں ابھی تک کچھ معلوم نہیں کہ ان میں کوئی غیر مُلکی شامل ہیں یا نہیں۔

شمالی وزیرستان کو طالبان رہنما حافظ گل بہادر کا اہم مرکز سمجھا جاتا ہے۔ جنوبی وزیرستان میں پاکستان حکومت کی جانب سے فوجی آپریشن کے بعد سے شمالی وزیرستان ایجنسی میں امریکی جاسوس طیاروں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

اس کے علاوہ شمالی وزیرستان میں افغان طالبان کمانڈر جلال الدین حقانی گروپ کا بھی بہت بڑا نیٹ ورک موجود ہیں جس کو ڈرون حملوں سے کافی نقصان پہنچا ہے۔