کوہاٹ: بم دھماکہ، سترہ ہلاک، اٹھہتر زخمی

کوہاٹ(فائل فوٹو)
وقت اشاعت

صوبہ خیبر پختونخواہ کے جنوبی ضلع کوہاٹ میں حکام کا کہنا ہے کہ پولیس لائنز کے قریب ایک کار بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم سترہ افراد ہلاک اور اٹھہتر زخمی ہو گئے ہیں۔

کوہاٹ میں پولیس افسر میرز علی نے بی بی سی کو بتایا کہ منگل کی شام کو پولیس لائنز کے قریب فیملی کواٹرز کے مرکزی دروازے کے سامنے اس وقت ایک کار بم دھماکہ ہوا جب لوگ اپنے گھروں کے اندر افطاری میں مصروف تھے۔

انھوں نے کہا کہ دھماکے میں دو بچوں سمیت سترہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے بی بی سی کو ٹیلیفون کر کے دھماکے کی دھماکے ذمہ داری قبول کی ہے۔ کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان نے دھمکی دی کہ سرکاری عمارتوں اور سکیورٹی فورسز پر مزید حملے کیے جائیں گے۔

میرز علی نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر پولیس اہلکار ہیں جب کہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ دھماکے کا نشانہ بننے والے کواٹروں میں پولیس اہلکار اور ان کے اہلخانہ رہائش پذیر تھے۔

ان کا کا کہنا تھا کہ دھماکے سے قریبی عمارتوں اور گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔اس واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی ہے۔

بی بی سی کے نامہ نگار دلاور خان وزیر کا کہنا ہے کہ علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کی دی گئی ہیں اور زخمیوں کو ہسپتال میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پیر کو صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر لکی مروت میں ایک تھانے پر خودکش حملے میں تین بچوں سمیت سترہ افراد ہلاک اور چونتیس زخمی ہو گئے تھے۔

یہ حملہ سوموار کو علی الصبح اس وقت ہوا جب خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی لکی مروت میں واقع پولیس سٹیشن کی عمارت سے ٹکرانے کی کوشش کی۔

عینی شاہدین کے مطابق خود کش بمبار نے گاڑی کو لکی سٹی تھانے کی عقبی دیوار سے جا ٹکرایا جس کی بعد ایک زبردست دھماکہ ہوا اور تھانے کا ایک بڑا حصہ منہدم ہو گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں پولیس اہلکاروں کے علاوہ عام شہری بھی شامل ہیں۔