’اپنے ہی شہر میں خانہ بدوش‘

ڈیرہ اسماعیل خان کے شمال مشرق، جنوب اور مغرب میں تمام علاقے سیلابی ریلوں سے متاثر ہوئے
،تصویر کا کیپشنڈیرہ اسماعیل خان کے شمال مشرق، جنوب اور مغرب میں تمام علاقے سیلابی ریلوں سے متاثر ہوئے
    • مصنف, عزیز اللہ خان
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، شورکوٹ
  • وقت اشاعت

ہم تو اپنے ہی شہر میں خانہ بدوشوں کی زندگی گزار رہے ہیں، نہ پانی ہے نہ خوراک اور ناں ہی سر پر چھت ہے، کھلے آسمان تلے بے آسرا پڑے ہیں۔

یہ الفاظ ہیں یارک اور شورکوٹ کے مقامی لوگوں کے جو سیلاب کا پانی گزر جانے کے بعد اب گھر کے سامان کو قابل استعمال لانے کے لیے کپڑے کمبل اور رضائیاں دھوپ میں بچھاتے نظر آتے ہیں۔

شور کوٹ ڈیرہ اسماعیل خان سے پندرہ کلومیٹر اور یارک پینتیس کلومیٹر دور شمال میں انڈس ہائی وے پر واقع دو گاؤں ہیں۔

ان علاقوں میں بیشتر مقامات پر مقامی لوگوں نے اپنے گھر کے سامان سے سڑکوں پر ہی خیمے بنا رکھے ہیں جبکہ بعض مقامات پر سرکاری امداد کے زریعے فراہم کردہ خیمے لگے ہوئے ہیں۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ وقت انتہائی مشکل تھا جب آسمان سے بارش برس رہی تھی اور دوسری جانب سیلاب آ رہا تھا لیکن ان کی مدد کے لیے کوئی موجود نہیں تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ انھیں کوئی امداد فراہم نہیں کی گئی خواتین اور بچوں کو کسی نے دیگر لوگوں کے گھروں میں رکھا ہوا ہے تو کسی کے بچے پیزو اور لکی مروت کے مختلف علاقوں کو چلے گئے ہیں۔

ایک بزرگ محمد دین کے مطابق ’بارش سے علاقے میں پانی جمع ہوگیا تھا، گھر سے باہر نہیں نکل سکتے تھے بس سیلاب کے خوف سے بھاگے یہ معلوم نہیں تھا کہ کہاں جا رہے ہیں۔ بڑی مشکل سے جان بچائی ہے‘۔

انھوں نے کہا کہ ’امداد کے نام پر یہاں ڈرامہ رچایا جا رہا ہے اتنی امداد ہیلی کاپٹر سے پھینک دیتے ہیں جو چند افراد کے لیے ہوتا ہے باقی لوگ بھوکے پیاسے بیٹھے ہیں‘۔

راستے میں بڑی تعداد میں جانور مرے پڑے تھے جن سے تعفن اٹھ رہا تھا ، علاقے میں بدبو تھی اور انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کی کوئی امدادی کارروائیاں دیکھنے کو نہیں ملیں۔ بعض مقامات پر راستے کھولنے کے لیے ٹریکٹروں سے کام جاری تھا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد تیس تک ہے ۔ ان میں کچھ لوگ سیلابی ریلے میں بہہ گئے تو کچھ مکانات کی چھت گرنے سے ہلاک ہوئے اور بعض سیلاب کے بعد بیماریوں سے ہلاک ہوئے۔ ڈیڑھ سو کے لگ بھگ قصبات کو سیلابی ریلوں سے شدید نقصان پہنچا ہے جن میں سے ستر کے لگ بھگ دیہات مکمل طور پر دریا برد ہو چکے ہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے شمال مشرق، جنوب اور مغرب میں تمام علاقے سیلابی ریلوں سے متاثر ہوئے جس وجہ سے صرف بھکر جانے کا راستہ ٹریفک کے لیے کھلا رہا باقی پانچ راستے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے۔ اس وقت ڈیرہ ژوب روڈ کے علاوہ باقی راستے کھول دیے گئے ہیں۔

ان جنوبی اضلاع میں صوبائی اور وفاقی حکومت کی جانب سے کسی قسم کی کوئی کارروائیاں نظر نہیں آ رہیں۔ بیشتر متاثرین کا کہنا ہے کہ مقامی لوگ ان کی کسی حد تک مدد کر رہے ہیں۔