کراچی میں فوج کی ضرورت نہیں، وزیراعظم

پاکستان کے وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کراچی میں کشیدگی کم کرنے اور ٹارگٹ کلنگ کو ختم کرنےکے لیے فوج طلب کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
اُن کے مطابق کئی دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے یہ کام بخوبی سرانجام دے رہے ہیں۔
یہ بات وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی نے کراچی کے دورے کے موقع پر سنیچر کو وزیرِاعلی ہاؤس میں پریس کانفرنس میں کی ہے۔
سندھ کے ایم کیو ایم سے وابستہ گورنرعشرت العباد، پیپلزپارٹی کے وزیرِاعلی قائم علی شاہ اور وفاقی وزیرِداخلہ رحمان ملک بھی اُن کے ہمراہ تھے۔
وزیرِاعظم نے کہا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اورکشیدگی کم کرنے کے لیے تمام اتحادی جماعتوں کی رضامندی سے کراچی میں امن کے لیے ایک ضابطہ اخلاق ترتیب دیا گیا ہے اور تمام جماعتوں نے مل کر کام کرنے کا عزم کیا ہے۔
وزیرِاعظم کی پریس کانفرنس میں دس نکاتی ضابطہ اخلاق کی کاپیاں میڈیا کے نمائندوں میں تقسیم کی گئیں۔ اس ضابطہ اخلاق میں اکثر وہ باتیں شامل ہیں جن کا ذکر وفاقی وزیرِداخلہ رحمان ملک اکثر اپنی گفتگو میں کرتے رہے ہیں۔
نئے ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں ڈرگ مافیا اور لینڈ مافیا کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے بلاتفریق آپریشن شروع کریں گے۔ تمام اتحادی جماعتیں ان علاقوں کی نشاندہی کریں گی جہاں شر پسند، شدت پسند، طالبان یا کالعدم مذہبی جماعتوں کے ارکان موجود ہوں گے۔
تمام اتحادی جماعتیں اختلافی مسائل مذاکرات کی میز پر حل کریں گی اور اس مقصد کے لیے خصوصی باہمی تعاون کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کراچی میں امن و امان کو یقینی بنانا تمام اتحادی جماعتوں کا فرض ہے۔ ضابطہ اخلاق میں بتایا گیا ہے کہ ایم کیو کے رکنِ صوبائی اسمبلی رضا حیدر سمیت کراچی کے حالیہ ہنگاموں میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو حکومت سندھ معاوضہ ادا کرے گی۔
وزیرِاعظم نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ایسا لائحہ عمل ترتیب دیا جا رہا ہے کہ کشیدگی کی فضا جنم ہی نہ لے اور اس کشیدگی کی اصل وجوہات کو جڑ سے اکھاڑنے کی ضرورت ہے۔

پریس کانفرنس سے قبل وزیراعلی ہاؤس میں وزیراعظم نے پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم اور اے این پی کے ارکان سے ملاقاتیں کیں۔
خیال رہے کہ کراچی میں دو اگست کو ایم کیو ایم کے رکنِ صوبائی اسمبلی رضا حیدر کی ہلاکت کے بعد شہر میں ہنگامہ آرائی شروع ہوئی تھی جس کے نتیجے میں تین دنوں میں اسی کے قریب لوگوں کو ہلاک کیا گیا اور درجنوں دکانوں اور املاک کو نذر آتش کر دیا گیا۔
اس کی وجہ سے مسلسل تین دن کراچی میں ٹرانسپورٹ اور کاروباری سرگرمیاں بند رہیں۔ ان ہلاکتوں کے بعد سندھ حکومت کی دو اتحادی جماعتوں ایم کیو ایم اور اے این پی کے درمیاں کشیدگی مزید بڑھ گئی، انہوں نے ایک دوسرے پر سنگین الزامات عائد کیے مگر وفاقی وزیرِداخلہ نے دونوں جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کی اور انہیں مذاکرات کی میز پر بٹھایا ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا ہے کہ شرپسند عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے گی۔



















