قومی کانفرنس بلائے جانے کا خیرمقدم

لاہور میں داتا دربار پر دہشت گردی کے بعد لگتا ہے کہ جیسے محسوس کرنے کا ایک نیا احساس جاگا ہے۔
،تصویر کا کیپشنلاہور میں داتا دربار پر دہشت گردی کے بعد لگتا ہے کہ جیسے محسوس کرنے کا ایک نیا احساس جاگا ہے۔
وقت اشاعت

وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی طرف سے دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے کی خاطر مشترکہ قومی حکمت عملی بنانے کے لیے آئندہ ہفتے قومی کانفرنس بلانے کے اعلان کا کئی مذہبی اور سیاسی جماعتوں نےخیر مقدم کیا ہے۔

مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما راجہ ظفر الحق نے بی بی سی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ پانچ چھ برسوں سے پاکستان دہشت گردی کے زد میں ہے لیکن اتنا عرصہ گذرنے کے باجود حکومت اس کی روک تھام اور انسداد نہیں کر پا رہی ہے۔

<link type="page"><caption> حکومت طالبان سے بات چیت کرے: نواز شریف </caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2010/07/100703_nawaz_taliban_presser.shtml" platform="highweb"/></link><link type="page"><caption> ’پنجاب حکومت ریت میں سر ڈال کر خطرہ نہیں ٹال سکتی‘</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2010/07/100704_rashid_rehman.shtml" platform="highweb"/></link>

انہوں نے کہا کہ ’اس بات کا جائزہ لینا بہت ضروری ہے کہ سیاسی عزم میں کیا کمی ہے، پیشہ وارانہ اہلیت میں کس طرح کی خامیاں ہیں اور انٹیلجنس کا کیا فقدان ہے‘۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ان سارے معاملات پر بیٹھ کر بات ہونی چاہیے تا کہ لوگوں کو کچھ امید ملے۔

مسلم لیگ ق کے رہنما کامل علی آغا نے کہا کہ ’قومی کانفرنس کا انعقاد اچھی بات ہے لیکن حکومت دہشت گردی سے نمٹنے کے بارے میں اکتوبر سن دو ہزار آٹھ میں پارلیمان کی طرف سے متفقہ طور پر منطور کی گئی قرار داد پر عمل در آمد کرے‘۔

انہوں نے کہا کہ’ اس قرارداد میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے سفارشات موجود ہیں اور اس قرارداد کے پیچھے پوری قوم ہے اور اگر اس پر عمل درآمد کیا جائے تو یہ بہتر عمل ہوگا ورنہ قومی کانفرنس وقت اور پیسوں کا ضیاں ہے‘۔

متحدہ قومی موومنٹ یا ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزوادری نے اس کانفرنس کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر اتفاق رائے بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہمیں اس کانفرنس سے یہ توقع ہے کہ اس میں یہ اتفاق رائے پیدا ہوگا کہ پاکستان میں ہونے والے تشدد کے واقعات دہشت گردی ہے اور یہ پاکستان کا اپنا مسئلہ ہے‘۔

انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ کانفرنس کے شرکا اس بات پر بھی متفق ہوں گے کہ دہشت گرد پاکستان میں ہر جگہ موجود ہیں اور وہ ان کے خلاف متحد ہیں اور دہشت گردی کے خلاف ریاست اور حکومت دونوں کی بھر پور حمایت حاصل ہے‘۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کے ضمن میں قومی کانفرنس ایک مثبت قدم ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ’ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پارلیمنٹ کی ایک قرارداد موجود ہے اور اس پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارا مسلسل یہ مطالبہ رہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف حکومت کی موجودہ پالیسی کو پارلیمنٹ کی قراداد کے مطابق نظر ثانی کی جائے۔

فضل الرحمان نے کہا کہ اگر قومی کانفرنس میں یہ اتفاق ہوتا ہے کہ پارلیمان کی قراداد پر عمل درآمد کیا جائے تو ایک مثبت پیش رفت ہو سکتی ہے۔