’ایک سو اکسٹھ ڈگریاں غیر واضح‘

ہائر ایجوکیشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں سے تعلق رکھنے والے ایک سو اکسٹھ ارکان کی بی اے کی ڈگریاں واضح نہ ہونے کی بنا پر واپس الیکشن کمیشن کو بھجوا دی ہیں۔
جن ارکان کی ڈگریاں واپس الیکشن کمیشن کو بھجوائی گئی ہیں اُن میں زیادہ تعداد حکمراں جماعت پاکستان پیپلز پارٹی اور حزب اختلاف کی جماعت پاکستان مسلم لیگ نون کی ہے جبکہ جمعت علمائے اسلام فضل الرحمن گروپ کے کچھ ارکان کی ڈگریاں بھی ان میں شامل ہیں۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ترجمان عائشہ اکرام نے بی بی سی کو بتایا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کو قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبوں کی اسمبلیوں کے گیارہ سو ستر ارکان میں سے ایک ہزار پچانونے ارکان کی ڈگریاں موصول ہوئیں تھیں جن میں سے نو سو چونتیس ارکان کی ڈگریاں مختلف یونیوسٹیوں کو بھجوا دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان میں سے اکیس ڈگریاں مختلف دس دینی مدارس کو، 36 غیر ملکی یونیورسٹیوں کو جبکہ باقی ڈگریاں ملک میں قائم مختلف یونیورسٹیوں کو بھجوا دی گئی ہیں۔
عائشہ اکرام کا کہنا تھا کہ ملک بھر کی ایک سو چھتیس یونیورسٹیوں اور دس دینی مدارس کا الحاق ہائر ایجوکیشن کمیشن سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان بی اے کی ڈگریوں میں سے ایک چوتھائی حصہ صرف پنجاب یونیورسٹی کو بھجوایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان یونیورسٹیوں کے متعلقہ حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ پندرہ روز کے اندر اندر ان ڈگریوں کی تصدیق یا ترید کرکے رپورٹ ہائر ایجوکیشن کمیشن کو بھجوائیں تاکہ جعلی ڈگریوں سے متعلق ارکان کا معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوا جائے۔
اُدھر الیکشن کمیشن نے بی بی سی کے نامہ نگار سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے ایک سو اکسٹھ ارکان کی ڈگریاں واضح نہ ہونے پر الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئی ہیں۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جعلی ڈگریوں سے متعلق سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کی موصولی کے بعد آئندہ چند روز میں ہائر ایجوکیشن کمیشن اور دیگر متعلقہ حکام کا اجلاس طلب کیا جا رہا ہے جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر من وعن عمل درآمد کے لیے اقدامات سے غور کیا جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین عابد شیر علی نے منگل کے روز ہائر ایجوکیشن کمیشن کا دورہ کیا اور قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کی ڈگریوں کو متعلقہ تعلیمی اداروں میں بھجوانے کے طریقہ کار سے متعلق بریفنگ لی۔
بعدازاں بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن ایک سو اکسٹھ ارکان کی ڈگریاں واضح نہ ہونے پر الیکشن کمیشن کو بھجوائی گئی ہیں اُن سے متعلق الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ متعلقہ ریٹرنگ افسران سے اُن کاغزات کی تصدیق کروائیں جو الیکشن میں حصہ لینے کے وقت جمع کروائے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس ضمن میں الیکشن کمیشن کے حکام سے بھی ملاقات کریں گے اور اُن سے کہیں گے کہ ان درخواستوں کی تصدیق کے لیے کسی سیاسی دباؤ کو قبول نہ کیا جائے۔
عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ جعلی ڈگریوں کے حامل ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کو اپنے طور پر ہی اسمبلیوں کی رکنیت سے مستعفی ہوجانا چاہیے۔



















