اسامہ کو تلاش کرنے والا امریکی گرفتار

وقت اشاعت

صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع چترال میں حکام کے مطابق پولیس نے ایک مشتبہ امریکی شہری کو گرفتار کرکے تفتیش کے لیے پشاور منتقل کردیا ہے۔ گرفتار ہونے والا امریکی شہری اُسامہ کی تلاش میں نکلا تھا۔

امریکی شہری افغانستان جاکر اسامہ اور ان کے ساتھیوں کو ہلاک کرنا چاہتے تھے: پولیس

چترال میں سینیئر پولیس افسر ممتاز احمد نے بی بی سی کو بتایا کہ مشتبہ پچاس سالہ امریکی شہری گیری بروکس فالکنز کو کالاش ویلی سے اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ ایک پہاڑی راستے سے افغانستان کے صوبہ نورستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ امریکی شہری کو پہلے چترال اور بعد میں مذید تفتیش کے لیے پشاور منتقل کردیاگیا ہے۔

انہوں نے پشاور میں بی بی سی کے نامہ نگار دلاور خان وزیر کو بتایا کہ امریکی شہری دو جون کوسیاحت کے سلسلے میں چترال آئے تھے اور شہر کے کسی ہوٹل میں ٹھہرا ہوا تھ۔ پولیس افسر کے مطابق ہوٹل میں امریکی شہری کی حفاظت پر پولیس اہلکار بھی تعینات تھے۔مگر وہ پیر کی رات ہوٹل سے اچانک غائب ہوگئے تاہم پولیس نے چار گھنٹے کی مُسلسل تلاش کے بعدان کو ایک پہاڑی سلسلے سے گرفتار کرلیا۔

انہوں نے مذید بتایا کہ امریکی شہری نے تفتیش کے دوران بتایا کہ وہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران سیاحت کے سلسلے میں سات مرتبہ پاکستان آچکے ہیں۔ پولیس افسر کے مطابق وہ افغانستان جاکر اسامہ اور ان کے ساتھیوں کو ہلاک کرنا چاہتے تھے۔امریکی شہری کے قبضے سے ایک پستول، کیمرہ اور دور بین برآمد ہوا ہے۔

ُادھراسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ پشاور میں ان کے قونصل خانے کو ایک امریکی شہری کے گرفتار ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ وہ حوالے سے ایک قونصلر کے دورے کا انتظام کر رہے ہیں تاکہ گرفتار ہونے والے شخص سے ملاقات میں مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔