ہنزہ جھیل: پانی کی سطح بلند، بوٹ سروس معطل
- مصنف, رضا ہمدانی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، ہنزہ
- وقت اشاعت
پاکستان کے شمالی علاقے ہنزہ میں چار ماہ پہلے مٹی کا تودہ گرنے سے دریائے ہنزہ پر بننے والی جھیل پر چلنے والی بوٹ سروس کو معلطل کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ہنزہ نگرظفر وقار نے جھیل میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد تمام بوٹ سروس معطل کر دی ہے۔ یہ فیصلہ حفاظتی اقدامات کے طور پر کیا گیا ہے۔ ہنزہ جھیل کا سپل بننے کے بعد گیارہ گاؤں کی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے
چند ماہ پہلے مٹی کا تودہ گرنے سے بننے والی جھیل کے بعد وہاں ایک بوٹ سروس شروع کی گئی جہاں سے ضروریات زندگی کی اشیا ششکٹ ، گلمت اور حسینی تک پہنچائی جاتی تھیں۔
<link type="page"><caption> ہنزہ جھیل پانی میں اضافہ، تصاویر</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2010/05/100517_hunza_lake_pics.shtml" platform="highweb"/></link>
ڈپٹی کمشنر کا فیصلہ پھسو گاؤں میں ایک گلیشئر کے گرنے کے بعد کیا گیا ہے جس کے بعد جھیل میں پانی کے لیول میں یکدم اضافہ ہو گیا ہے۔
ادھر ہنزہ نگر کے اٹھارہ گاؤں کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے۔ وہاں فوج اور پولیس کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
پاکستان کے شمالی علاقے ہنزہ میں چار ماہ پہلے مٹی کا تودہ گرنے سے دریائے ہنزہ میں بننے والی جھیل سے پانی کے اخراج کے لیے بنائے جانے والے سپل وے کی تعمیر کا کام مکمل ہوگیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سپل وے سے پانی کے اخراج کے بعد ممکنہ سیلاب سے راستے بند ہونے کے خدشے کے پیش نظر گلگت اور ہنزہ کے باسیوں کے لیے خوراک ذخیرہ کی جا رہی ہے۔
ہنزہ کے ڈپٹی کمشنر ظفر وقار نے بی بی سی اردو کو بتایا ہے کہ اتوار کو سپل وے کی تعمیر مکمل ہو گئی ہے اور اب اسے مزید گہرا نہیں کیا جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ اس سپل وے کی لمبائی پچاس میٹر ہے جبکہ گہرائی چوبیس میٹر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر سپل وے کو مزید گہرا کرنے کی کوشش کی گی تو اس سے اردگرد موجود ملبہ سپل وے میں گرنے کا اندیشہ ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ظفر وقار نے کہا کہ جھیل کی سطح بلند ہونے کی صورت میں سپل وے میں پانی کی آمد شروع ہو جائے گی اور ایک اندازے کے مطابق یہ عمل چند دنوں میں شروع ہو سکتا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ علاقے میں دریائے ہنزہ اور گلگت پر تعمیر سترہ پختہ اور عارضی پل ہیں جنھیں ممکنہ سیلاب سے نقصان پہنچے کا خدشہ ہے۔
ظفر وقار کے مطابق پختہ پلوں کی حفاظت کے لیے کوئی خاص اقدامات نہیں کیے جا سکتے ہیں البتہ عارضی پلوں کو محفوظ بنانے کے لیے ہٹانے کا کام شروع ہو گیا ہے۔
ہنزہ کے ڈپٹی کمشنر کے مطابق عارضی پلوں کو اس لیے ہٹایا جا رہا ہے کہ اگر ممکنہ سیلاب سے پختہ پلوں کو نقصان پہنچتا ہے اور علاقے کا زمینی رابط منقطع ہو جاتا ہے تو اس صورت میں متاثرہ لوگوں کو خوراک پہنچانے کے لیے دوبارہ عارضی پل جوڑ کر راستہ بنایا جائے تاکہ انھیں خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انھوں نے بتایا کہ ممکنہ سیلاب کی صورت میں جھیل سے پانی کا اخراج ساٹھ میٹر یا دو سو فٹ بلند لہر کی صورت میں ہو گا۔
سپل وے کی تعمیر کرنے والی فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے انچارج میجر ارشد بیگ کے مطابق جھیل کی سطح میں مزید تیس فٹ کے اضافے کی صورت میں ہی پانی سپل وے میں آئے گا۔
عطاء آباد جھیل کے بند کی نگرانی کرنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم فوکس پاکستان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دریا کے بہاؤ کی سمت میں بارہ مقامات پر الارم اور سائرن نصب کر دیے گئے ہیں اور جونہی پانی بند کے اوپر سے نکلنا شروع ہو گا تو ایک ایس ایم ایس کے ذریعے ان تمام الارمز اور سائرن کو بجا کر آبادی کو مطلع کیا جائے گا۔
فوکس پاکستان کے ایک عہدیدار لعل خان نے بی بی سی کو بتایا کہ حکومتی احکامات پر ہنزہ نگر کے چار دیہات سکندر آباد، غلمت، حسین آباد اور خان آباد کے ساڑھے پانچ سو کے قریب گھرانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا کام جاری ہے اور ہنزہ کے ڈپٹی کمشنر نے یہ عمل سترہ مئی تک مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
دریں اثناء ہنزہ میں ہلالِ احمر پاکستان کے پروگرام مینیجر احمد دین نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ بند ٹوٹنے کی صورت میں دریا کے بہاؤ کی سمت واقع ہنزہ نگر ضلع کے چودہ دیہات کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان دیہات میں تین سو ساٹھ گھرانے آباد ہیں اور آبادی کی کل تعداد تین ہزار دس ہے۔
ان کے مطابق یہ تمام دیہات سلمان آباد نامی گاؤں سے اوپر کی جانب واقع ہیں۔
خیال رہے کہ عطاء آباد جھیل سے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر دو دیہات سلمان آباد اور سلمان آباد سرت کے رہائشیوں کو سنیچر کو ہنزہ کے صدر مقام کریم آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔ سلمان آباد کے پینتیس جبکہ سلمان آباد سرت کے اکیس گھرانوں کو ایک ہفتہ قبل علاقہ چھوڑنے کا نوٹس دیا گیا تھا اور اب یہ افراد کریم آبادگرلز کالج میں واقع کیمپ میں مقیم ہیں۔



















