’پاکستان کاروائی کے لیے تیار ہے ‘
پاکستان کے وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے کہا ہے کہ نیویارک کے ٹائمز سکوائر میں ناکام کار بم حملہ کرنے والے پاکستانی نژاد فیصل شہزاد کی گرفتاری کے بعد حکومت نے فوری ضروری اقدامات تو کردیے ہیں لیکن مزید کارروائی کے لیے امریکہ سے باضابطہ معلومات اور درخواست کا انتظار ہے۔

بدھ کو بی بی سی نیوز کے علیم مقبول کے ساتھ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ فیصل شہزاد کے بارے میں ذرائع ابلاغ سے ملنے والی اطلاعات کے بعد امریکی سفیر سے ملاقات ہوئی ہے اور انہیں غیر مشروط تعاون کی پیشکش کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فیصل شہزاد کے اہل خانہ کی نشاندہی کر لی ہے اور وہ حکومت کی نگرانی میں ہیں، لیکن انہیں تاحال گرفتار نہیں کیا۔
<link type="page"><caption> فیصل شہزاد کون؟</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/world/2010/05/100504_faisal_shahzad_profile.shtml" platform="highweb"/></link>
ان کے مطابق حکومت نے موبائل نمبر اور بینک اکاؤنٹ سمیت بعض معلومات اکٹھی کی ہیں اور اس پر ٹھوس کارروائی کے لیے امریکہ سے شواہد اور معلومات کا انتظار ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فیصل شہزاد ایک ریٹائرڈ ائر وائس مارشل کے بیٹے ہیں اور ان کا اچھے خاندان سے تعلق ہے۔ ان کے مطابق اِس خاندان کے لوگ اہم عہدوں پر تعینات ہیں۔ ’دہشت گردوں کی ایسے خاندانوں تک رسائی لمحہِ فکریہ ہے۔‘
تاہم انہوں نے کہا کہ فیصل شہزاد کے بارے میں جب تک مکمل چھان بین نہیں ہوتی اس وقت کچھ کہا نہیں جاسکتا کیونکہ یہ پاکستان کے خلاف سازش بھی ہوسکتی ہے۔
ہمارے نامہ نگار اعجاز مہر کا کہنا ہے کہ رحمٰن ملک بقول فیصل شہزاد نے مردان سے شادی کی ہے اور ان کے سسر پہلے سعودی عرب میں رہے اور بعد میں انیس سو نوے کی دہائی کے آخر میں امریکی شہریت حاصل کی۔
فیصل شہزاد کی دہشت گردی کے منصوبوں کے بارے میں پاکستان سے تربیت حاصل کرنے کے متعلق انہوں نے کہا کہ یہ ان کا انفرادی فعل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد پاکستان کو ناکام ریاست ثابت کرنے پر تلے ہیں لیکن حکومت نے ان کی کمر توڑ دی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انہوں نے کہا کہ امریکہ میں ایک بارود سے بھری گاڑی ملی ہے تو پوری دنیا کی توجہ اس طرف مبذول ہوئی ہے لیکن پاکستان میں تو ایسی گاڑیاں پھٹتی ہیں اور مختلف طریقوں سے دہشت گردی ہو رہی ہے اور پاکستان دہشت گردی کا شکار ملک ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجود حکومت کے اقدامات کی وجہ سے جو صورتحال دو برس قبل تھی اب اس سے بہتر ہے۔



















