سیمنا گھروں کی بندش کے خلاف درخواست

وقت اشاعت

لاہور ہائی کورٹ نے بجلی کی بچت مہم کے لیے سینماگھروں کو رات آٹھ بجے بند کرنے کے خلاف پنجاب حکومت سے جواب طلب کرلیا ہے۔

عدالت نے یہ حکم لاہور کے ایک سینما گھر کی انتظامیہ کی اس درخواست پر دیا جس میں حکومت پنجاب کی طرف سے رات آٹھ بجے سینماوں گھروں کی بندش کے قانونی جواز کو چیلنج کیا گیا ہے۔

ہائی کورٹ کے جسٹس شیخ عظمت سعید نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو یہ ہدایت کی وہ عدالت کو اس قانون کے بارے میں بتائیں جس کے تحت حکومت نے سینما گھروں کو تو رات آٹھ بجے بند کرنے کا حکم دے دیا گیا جبکہ تھیٹروں کو رات ساڑھے بارہ بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت دی ہے۔

لاہور سے ہمارے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ سماعت کے دوران درخواست گزار سینما گھر کے وکیل علی سبطین فضلی نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے بجلی کی بچت مہم کے لیے سینماگھروں کو رات آٹھ بجے بند کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں جبکہ تھیٹروں کو رات ساڑھے بارہ بجے تک کاروبار جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے جو امتیازی سلوک ہے اور ملک کا آئین اس کی اجازت نہیں دیتا۔

درخواست گزار وکیل کے بقول سینما گھروں کا کاروبار رات آٹھ بجے شروع ہوتا ہے جس وقت حکومت نے سینما گھروں کو بند کرنے کی ہدایات جاری کیں اور یہ کیسے ممکن ہے کہ سینما گھروں کو اس وقت بند کردیا جائے ۔

علی سبطین فضلی نے عدالت کو بتایا کہ سینما گھروں کو رات آٹھ بجے بند کرنے کی ہدایات پر عمل درآمد ہونے سے ناصرف یہ کاروبار تباہ ہوگا بلکہ لوگوں کے لیے تفریح کا ایک ذریعے ختم ہوجائے گا۔

وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ حکومت کے اس نوٹیفکیفشن کو کالعدم قرار دیا جائے جس کے تحت سینماوں کو رات آٹھ بجے بند کرنے کی ہدایات جاری کیں اور سینماؤں کو انے سابقہ اوقات کار کے تحت رات کو فلم کی نمائش کرنے کی اجازت دی جائے۔