بجلی بحران:صوبوں سے تجاویز طلب

پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک خصوصی اجلاس دو روز سے جاری ہے۔ وزیر اعظم نے چاروں صوبوں سے بدھ تک ٹھوس تجاویز دینے کے لیے کہا ہے جن کا اعلان وہ جمعرات کو کریں گے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، اعلیٰ سرکاری اہلکار اور ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔
اس دو روزہ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس کی صدارت وزار اعظم نے پیر کو کی تھی۔ منگل کو وفاقی وزیر پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف اس کی صدارت کر رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں صحافیوں سے گفتگو میں راجہ پرویز اشرف نے صورتحال کی پیچیدگی واضح کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا تھا کہ چوبیس میں سے آٹھ گھنٹے کی بجلی ملک میں ہے ہی نہیں۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق پاکستان کو اس وقت تقریباً پانچ ہزار میگا واٹ بجلی کی کمی کا سامنا ہے۔
کانفرنس کے ایجنڈے کے مطابق اس اجلاس میں بجلی کے بہتر استعمال، بجلی کے شعبے کو قدرتی گیس کی ترسیل، بجلی کی ترسیل کے ادارے پیپکو کی ادائیگیوں اور سرکلر ڈیٹ کے مسائل کا حل، تیل پر چلنے والے آئی پی پیز کی پیداوار میں اضافے کے لیے مدد، پاور پلانٹس کی کارکردگی بڑھانے کے لیے مناسب دیکھ بھال اور ترسیل میں نقصانات کو کم کرنے، پانی، کوئلے اور توانائی کے دیگر ذرائع کے لیے درمیانی مدت کے منصوبوں پر توجہ، بہتر لوڈ مینجمنٹ اور توانائی بچانے کے لیے کوششیں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ اطلاعات کے مطابق اجلاس میں جن تجاویز پر غور ہو رہا ہے ان میں شام سات بجے تمام بازار بند کرنے اور دو ہفتہ وار چھٹیاں بھی شامل ہیں۔
کانفرنس میں پنجاب کے وزیراعلیٰ نے بھی نو نکات پر مبنی تجاویز پیش کیں جن میں کہا گیا ہے کہ این ایف سی کی طرز پر بجلی کی بھی منصفانہ تقسیم کی جائے اور صنعتی و زرعی صارفین کو ترجیح دی جائے جبکہ بل بورڈوں پر پابندی لگائی جائے۔
سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے فیس بک پر جاری ایک تازہ ویڈیو پیغام میں اپنی حکومت پر بجلی کے شعبے میں کچھ نہ کرنے کے الزام کی تردید کرتے ہوئے اصل مسئلہ موجودہ پیداوار کے درست استعمال کو بتایا ہے۔
موسم گرما میں بجلی کی طلب و رسد میں فرق میں اضافے کی وجہ سے حکومت کو خدشہ ہے کہ آج کل جاری اکا دکا شہروں میں احتجاج آگے چل کر ایک بڑا مسئلہ بن سکتا ہے۔ اسی لیے موجودہ حکومت کے سامنے اصل چیلنج فوری اقدامات ہیں جن سے عوام بہتری محسوس کرسکیں۔















