طالبان رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ
- مصنف, ہارون رشید
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام اسلام آباد
- وقت اشاعت
پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے دو سابق اہلکاروں کے اغوا کاروں نے ان کی رہائی کے بدلے میں حکومت سے زیر حراست تمام طالبان رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ مانگ اپنے آپ کو طالبان کہلوانے والے کسی نامعلوم گروپ نے صحافیوں کو بھیجی گئی ایک ویڈیو میں کیا ہے۔ ای میل کے ذریعے بھیجی گئی اس ویڈیو میں حکومت کو اس مطالبے کو مانے کے لیے دس روز کی مہلت دی گئی ہے۔
ان مختصر ویڈیوز میں آئی ایس آئی کے سابق اہلکار اور آج کل حقوق انسانی کے لیے سرگرم خالد خواجہ اور سابق فوجی سلطان امیر عرف کرنل امام کے سینوں پر پشاور سے شائع ہونے والا اردو اخبار مشرق رکھا ہے۔ تاہم کس دن کا یہ یہ معلوم نہیں ہو رہا ہے۔
خالد خواجہ اور کرنل امام گزشتہ ماہ کی چھبیس تاریخ کو قبائلی علاقے وزیرستان جاتے ہوئے راستے سے لاپتہ ہوگئے تھے۔ ان کی اہلیہ نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ نہیں سمجھتیں انہیں کسی طالبان گروپ نہ اغوا کیا ہے۔ ’وہ وہاں طالبان سے متعلق ایک ویڈیو بنانے کے لیے گئے تھے۔ ان کے جانے سے قبل وہاں طالبان سے بات ہوچکی تھی اور وہ ان کی اجازت سے وہاں گئے تھے۔‘
مسز خواجہ نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کو وہاں مدد فراہم کرنے والا ایک عثمان پنجابی نامی گائیڈ تھا نے غالباً انہیں پکڑوایا ہے۔ ’ہم نے ان کی فون کالز کا ریکارڈ نکلوایا ہے تو اس میں انہیں کو انہوں نے اکثر کالیں کی ہوئی تھیں۔ اس شخص کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ اس کا تعلق کسی اغوا کار گروپ سے ہے۔‘
ان کے بدلے طالبان نے جن طالبان رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے ان میں ملا برادر، ملا منصور داد اللہ، اور ملا کبیر جیسی شخصیات کے نام ہیں۔ ای میل کے مطابق مزید رہنماؤں کے نام بعد میں فراہم کیے جائیں گے۔ پیغام میں دو سابق آئی ایس آئی اہلکاروں کو اسلام اور مسلمانوں کا دشمن قرار دیا گیا ہے۔
ویڈیو میں دونوں اہلکار سابق فوجی سربراہ جنرل مرزا اسلم بیگ کا نام لے رہے ہیں کہ ان کے ساتھ وہ مشورہ کرنے کے بعد قبائلی علاقے روانہ ہوئے۔ تاہم خالد خواجہ ان کے علاوہ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل حمید گل اور اسی ادارے کے ایک کرنل ساجد کا نام بھی لے رہے ہیں۔ البتہ جنرل حمید گل اس بات کی تردید کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خالد خواجہ غلط کہہ رہے ہیں۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے جنرل حمید گل نے کہا کہ وہ دونوں مغویوں سے نہیں ملے اور نہ انہیں معلوم ہے کہ وہ کیوں ان کا نام لے رہے ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس میں انہیں کسی سازش کی بو محسوس ہوتی ہے جس کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ ہوسکتا ہے تاکہ انہیں گھیرا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اغوا افغان طالبان کا کام تو ہرگز نہیں بلکہ پاکستانی بھی اس میں ملوث نہیں ہوسکتے۔ ’یہ کسی جرائم پیشہ گروہ کی کارروائی ہوسکتی ہے۔‘
ویڈیو میں دونوں سابق فوجی اپنی فوجی سروس اور آئی ایس آئی میں مدت ملازمت کے بارے میں بھی بتاتے ہیں۔ ویڈیو میں دونوں شخص کافی تناؤ میں دکھائی دے رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مسز خواجہ کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے کی عثمان نامی شخص سے بات ہوئی تھی جس نے اب انہیں بتایا کہ وہ تو خالد خواجہ کو آنے سے منع کر رہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں امید نہیں کہ حکومت انہیں بچانے میں سنجیدہ ہوگی۔ ’حکومت تو پہلے ہی ان کے خلاف تھی تو وہ کیسے انہیں بچانے کی کوئی کوشش کرے گی۔‘
حالد خواجہ کے اہل خانہ نے بتایا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے سابق رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالعزیز اب ان کی رہائی کے لیے ثالثی کی کوششیں کر رہے ہیں۔



















