کشمیر کے چیف جسٹس غیر فعال
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے چیف جسٹس ریاض اختر چوہدری کوغیر فعال کردیا گیا ہے۔

ان کے خلاف ضابطہء اخلاق کی خلاف ورزی اور دیگر الزامات کے تحت سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس بھیجا گیا ہے اور اس کا فیصلہ آنے تک چیف جسٹس ریاض اختر چوہدری کو غیر فعال کردیا گیا ہے۔
وزیر قانون عبدالرشید عباسی نے مظفر آباد میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس اقدام کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے سینیئر جج منظور حسین گیلانی کو سپریم کورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس مقرر کردیا گیا ہے۔
تاہم جسٹس ریاض اختر چوہدری نے اس اقدام کو مسترد کردیا ہے۔
وزیر قانون عبدالرشید عباسی نے کہا ہے کہ جسٹس ریاض اختر چوہدری سپریم جوڈیشل کونسل کی تحقیقات اور حتمی رپورٹ آنے تک غیر فعال رہیں گے۔
جسٹس ریاض اختر چوہدری نے حکومت کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ’میں فعال ہوں اور اپنے فرائض انجام دے رہا ہوں‘۔
جسٹس ریاض اختر چوہدری نے کہا کہ وہ سپریم جوڈیشل کونسل کے چیئرمین ہیں اور ریفرنس ان کو بھیجا جانا چاہیے تھا لیکن ان کو یہ ریفرنس موصول نہیں ہوا۔
ان کے مطابق اگر ریفرنس ان کے خلاف ہو تو وہ یہ ریفرنس کسی دوسرے جج کے جوالے کرسکتے ہیں۔
وزیر قانون نے کہا کہ آئین کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل کے سربراہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ہوتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تاہم اگر ریفرنس چیف جسٹس کے خلاف دائر کیا گیا ہو تو ایسی صورت میں کونسل کی سربراہی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی جگہ ان کے بعد سینیئر ترین جج کو سونپ دی جاتی ہے۔
غیر فعال چیف جسٹس ریاض اختر چوہدری کو جسٹس گیلانی کی سربراہی میں سپریم جوڈینشل کونسل پر بھی اعتراض ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جسٹس گیلانی نے ان کی تقرری کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیلنج کررکھا ہے اور اس طرح وہ فریق بن چکے ہیں۔
ہمارے نامہ نگار ذوالفقار علی نے بتایا کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی تاریخ میں یہ دوسری مرتبہ ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کسی چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس کی سماعت کرے گی۔
اس کے قبل سنہ اسّی میں اس وقت کے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس خواجہ محمد یوسف کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں ان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔



















