انتخابی دفتر پر حملہ، دو افراد ہلاک
- مصنف, دلاور خان وزیر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
- وقت اشاعت
حملے کے خلاف ڈیرہ اسماعیل خان میں منگل کو جزوی شٹر ڈاون ہڑتال کی جا رہی ہے پاکستان کے صوبہ سرحد کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس کے مطابق جمعیت علماء اسلام(ف) گروپ کے انتخابی دفتر پر نامعلوم افراد کے حملے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جب کہ گیارہ زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس اہلکار سجاد خان نے بی بی سی کو بتایا کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے جمعیت علماء اسلام (ف) گروپ کے انتخابی دفتر پر دو دستی بم پھینکےجس کے نتیجے میں تیرہ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ اہلکار نے بتایا کہ منگل کو دو زخمی ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔
انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں جمعیت علماء اسلام کے ضلعی رہنما شیخ محمد آیاز اور ضلعی سیکرٹری خزانہ خواجہ محمد زاہد شامل ہیں۔اہلکار کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو ڈیرہ ڈسٹرک ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
پولیس اہلکار سجاد خان نے کہا کہ شیخ محمد آیاز کی نمازِ جنازہ مولانا فضل الرحمنٰ نے پڑھائی ہے اور خواجہ محمد کی نماز جنازہ منگل کی شام چار بجے ہوگی۔اہلکار کے مطابق اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔
دوسری طرف پیر اور منگل کی درمیانی شب جمعیت علماء اسلام کےامیر مولانا فضل الرحمنٰ نے زخمیوں کی عیادت کے موقع پر شہر میں شٹرڈاون کی کال دی تھی۔ جس پر منگل کو شہر میں جزوی طور پر عمل ہوا ہے۔
یاد رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان سٹی ٹو میں ضمنی انتخاب پر جمعیت علماء اسلام (ف) اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔ شہر کےحلقہ سٹی ٹو سے پیپلز پارٹی کے لطیف اللہ علیزئی کی وفات کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی۔















