لاہور: فوجی قافلے پر حملہ ، 45 ہلاک
- مصنف, علی سلمان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
- وقت اشاعت
خود کش حملے چھاؤنی کے ایک ایسے شہری علاقے میں ہوئے ہیں جو فوج کے کنٹرول میں ہے اور وہاں اکثر فوج کی گاڑیاں گشت کرتی ہیں لاہور میں چھاؤنی کے علاقے میں فوج کی گاڑیوں پر دو خود کش حملوں میں فوجیوں سمیت پینتالیس افراد ہلاک جبکہ پچانوے زخمی بتائے جاتے ہیں۔ یہ دونوں حملے صرف چند سیکنڈ کے وقفے سے ہوئے ہیں۔
آئی جی پنجاب طارق سلیم ڈوگر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان حملوں میں انتالیس افراد ہلاک ہونے کی تصدیق کی جبکہ پچانوے سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ جائے وقوع سے اہم شواہد ملے ہیں۔
دوسری طرف لشکرِ جھنگوی (العالمی) نے لاہور شہر میں کینٹ کے علاقے میں ہونے والے ان ’فدائی حملوں‘ کی ذمہ داری قبول کر لی ہے اور کہا ہے کہ یہ ڈرون حملوں اور قبائلی علاقوں میں ہونے والے فوجی آپریشن کے خلاف جوابی کارروائی ہے۔
اس سے قبل لاہور کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس شفیق چودھری نے میڈیا کو بتایاکہ فوج کی گریژن فورس کے ٹرک جوانوں کو لے کرگذر رہی تھی کہ ایک خود کش حملہ آور نے ٹرک کے نزدیک جاکر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔انہوں نے کہا کہ چند ہی لمحے کے بعد دوسرے خود کش حملہ آور نے دوسری گاڑی کو نشانہ بنایااور خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔انہوں نے کہا پولیس کو خودکش حملہ آوروں کے سر مل گئے ہیں۔
ان دھماکوں میں متعدد فوجی اور عام شہری زخمی ہوئے۔ چیخ وپکار اور بھگدڑ مچ گئی لوگ اپنی جانیں بچانے کے لیے بھاگے۔ ریسکیو ون ون ٹو ٹو اور ایدھی کا عملہ موقع پر پہنچ گیا ہے۔ زیادہ تر زخمیوں کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
جنرل ہسپتال کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ان کے ہسپتال میں گیارہ زخمی منتقل کیے گئے ہیں اور تین افراد ایسے تھے جو راستے میں دم توڑ گئے۔
یہ خود کش حملے چھاؤنی کے ایک ایسے شہری علاقے میں ہوئے ہیں جو فوج کے کنٹرول میں ہے اور جہاں اکثر فوج کی گاڑیاں گشت کرتی ہیں اور یہاں عام شہریوں کے علاوہ فوجیوں کی رہائش گاہیں ہیں۔
چار روز پہلے بھی لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں سپیشل انٹیلجنس ایجینسی کے دفتر پر ایک حملہ ہوا تھا جس میں کم از کم چودہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایسی انٹیلجنس رپورٹس موجود ہیں جن کے مطابق شدت پسندوں نے لاہور کو خاص طور پر نشانہ بنانے کی حکمت عملی بنائی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جنوبی چھاؤنی میں دھماکوں کے بعد علاقے میں سیکیورٹی غیر معمولی طور پر بڑھا دی گئی ہے جگہ جگہ ناکے لگا دیے گئے ہیں جبکہ ایک فوجی ہیلی کاپٹر بھی فضائی گشت کر رہا ہے۔




















