ججز تعیناتی کیس، لارجر بینچ کی تشکیل

- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
- وقت اشاعت
سپریم کورٹ کی چیف جسٹس نے اعلیٰ عدالتوں میں ججوں کی تعیناتی میں تاخیر کے بارے میں دائر درخواستوں کی سماعت کے لیے پانچ رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا ہے۔
اس بینچ کی سربراہی جسنس شاکر اللہ جان کریں گے اور بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس راجہ فیاض، جسٹس جواد ایس خواجہ، جسٹس انور ظہیر جمالی اور جسٹس رحمت حسین جعفری شامل ہیں۔
سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ سپریم کورٹ کاز لسٹ کے مطابق یہ پانچ رکنی بینچ اٹھارہ اور انیس فروری کو اس مقدمے کی سماعت کرے گا۔
خیال رہے کہ جمعہ کو ججز تعیناتی میں تاخیر کے حوالے سے درخواستوں کی سماعت کے دوران درخواست گُزار ندیم ایڈووکیٹ کے وکیل اکرم شیخ نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ چونکہ یہ ایک انتہائی حساس معاملہ ہے اس لیے ان درخواستوں کی سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دیا جائے جس پر بینچ کے سربراہ نے یہ معاملہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو بھجوا دیا تھا۔
عدالت نے اس ضمن میں اٹارنی جنرل انور منصور اور چاروں صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرل کو بھی نوٹس جاری کیے تھے جبکہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے رجسٹرار سے بھی ججوں کی تعیناتی کے سلسلے میں ہونے والی کارروائی کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی تھی۔
جمعہ کو سماعت کے دوران اکرم شیخ نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ چاروں صوبوں کی ہائی کورٹس میں ایک سو اٹھائیس آسامیاں ہیں جن میں سے ستر آسامیاں ابھی تک خالی پڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان عدالتوں میں ججوں کی عدم دستیابی کی وجہ سےلوگوں کو حصول انصاف میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی جوڈیشل پالیسی میں یہ واضح طور پر کہا گیا ہے کہ عوام کو فوری انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الجہاد ٹرسٹ کیس کے سپریم کورٹ کے فیصلے میں یہ واضح طور پر کہا گیا ہے کہ اعلٰی عدالتوں میں خالی ہونے والی آسامیوں پر ججوں کی تعیناتی تیس دنوں میں ہوں گی۔
درخواست گُزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ عدالت آئین کی خلاف ورزی کرنے والی شق چھ کی بھی تشریح کرے کہ یہ کس کس موقع پر لاگو ہوتی ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ شق کے تحت آئین کی خلاف ورزی کرنے والے شخص کے لیے موت کی سزا رکھی گئی ہے۔
یاد رہے کہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے جسٹس ثاقب نثار کو سپریم کورٹ کا جج بنانے کی سمری حکومت کو بھجوائی تھی لیکن حکومت نے یہ سمری اعتراض لگا کر واپس کردی کہ الجہاد ٹرسٹ کیس کے فیصلے کی روشنی میں سینیئر ترین جج کو ہی سپریم کورٹ میں تعینات کیا جانا چاہیے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی



















