پنجاب:اعلیٰ ترین افسر ’رخصت‘ پر

- مصنف, عبادالحق
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
- وقت اشاعت
پنجاب کے چیف سیکرٹری جاوید محمود کی جگہ ایک دوسرے افسر نے ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔ جاوید محمود غیرمعینہ مدت کے لیے رحضت پر گئے ہیں کیونکہ ان پر یہ الزام ہے کہ ان کی گاڑی سے ٹکرا کر ایک سابق فوجی افسر ہلاک ہوگیا ہے۔
چیف سیکرٹری جاوید محمود نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ انہیں چھٹی پر جانے کی اجازت دی جائے تا کہ ان کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے کے حوالے سے یہ تاثر دور ہو سکے کہ وہ اس مقدمے کی کارروائی پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔
ایک ہفتہ قبل چیف سیکرٹری جاوید محمود کی گاڑی کو پرانے ہوائی اڈے کے قریب حادثہ پیش آیا تھا اور ان کی گاڑی سے ایک سابق کرنل اکرام ٹکرا گئے جو موٹو سائیکل پر سوار تھے۔
حادثے کے وقت گاڑی کو ان کا ڈرائیور چلا رہا تھا تاہم ہلاک ہونے والے سابق فوجی افسر کے بیٹے کا موقف ہے حادثے کے بعد اگر چیف سیکرٹری وہاں رک جاتے اور ان کے والد کو بروقت طبی امداد مل جاتی تو اس سے ان کے والد زندگی بچائی جاسکتی تھی۔
کرنل اکرام کے لواحقین نے گاڑی کے ڈرائیور کے خلاف کارروائی کو ناکافی قرار دے اور مطالبہ کیا کہ اس واقعہ میں چیف سیکرٹری کے خلاف بھی کارروائی کی جائے کیونکہ بقول ان کے حادثے کے اصل ذمہ دار چیف سیکرٹری ہیں۔
واقعہ کے ایک ہفتے بعد گورنر پنجاب سلمان تاثیر تعزیت کے لیے کرنل اکرام کے گھر گئے اور وہاں پر انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ کرنل اکرام کے بیٹے نے انہیں کارروائی کے لیے خط لکھا اور بقول گورنر کے اگر صوبے میں انصاف ہورہا ہوتا تو ان کو خط نہ لکھا جاتا۔
سلمان تاثیر کا کہنا تھا کہ کیا صوبے میں جنگل کا قانون ہے اور کیا عام شہری کے لیے کوئی اور چیف سیکرٹری کے لیے کوئی اور قانون ہے۔
گورنر پنجاب کے دورے کے بعد مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف اور وزیر اعلیْ پنجاب شہباز شریف دیگر رہنماؤں کے ساتھ کرنل اکرام کےگھر گئے اور ان کے لواحقین سے تعزیت کی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نواز شریف نے میڈیا سے بات کرتےہوئے کہا کہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے اور انصاف کی راہ میں کسی کو رکاوٹ بننے نہیں دیں گے۔
ان کے بقول جو انصاف کے راستے میں آئے گا اسے ہٹا دیا جائے۔ انہوں نےوزیر اعلیْ پنجاب کو اس معاملہ کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی تھی۔
نواز شریف کی مداخلت کے بعد چیف سیکرٹری جاوید محمود نے چھٹی پر جانے کی درخواست دے دی جسے وزیر اعلیٰ نے منظور کرلیا اور ان کی جگہ ایک افسر سمیع سعید کو اضافی طور پر چیف سیکرٹری کی ذمہ داریاں دے دیں گے۔
ادھر تین فروری کو لاہور کی ایک ماتحت عدالت جاوید محمود کے خلاف اندارج مقدمہ کے لیے دائر کی جانے والی درخواست کی سماعت کرے گی جو ہلاک ہونے والے سابق فوجی کے بیٹے نے دائر کی ہے۔



















