خار: بازار میں’خودکش‘ دھماکہ، سولہ ہلاک

- مصنف, رفعت اللہ اورکزئی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
- وقت اشاعت
پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ میں ایک مبینہ خودکش حملے میں ہلاک ہونے والوں کی کم از کم تعداد سولہ ہو گئی ہے۔ آخری اطلاعات میں تیرہ افراد ہلاک اور سینتیس زخمی بتائے گئے تھے۔
مقامی حکام کے مطابق یہ دھماکہ باجوڑ کے صدر مقام خار کے بازار میں ہوا۔
دھماکے کی نوعیت کا تاحال تعین نہیں ہو سکا ہے۔ دھماکے کے کچھ عینی شاہدین کے مطابق ایک مبینہ خودکش حملہ آوار نے بازار میں قائم ایک سکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا۔ تاہم بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ خیز مواد ایک ہتھ ریڑی میں نصب کیا گیا تھا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق اس دھماکے میں کم از کم تیرہ افراد ہلاک اور سینتیس ہوئے ہیں جن میں سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔دھماکے کے زخمیوں کو ایجنسی ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
دھماکے کے وقت بازار میں لوگ بڑی تعداد میں خریداری میں مصروف تھے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے میں کرفیو نافذ کر کے تمام بازار اور تجارتی مراکز بند کرا دیے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بازار میں کچھ دیر تک ہوائی فائرنگ بھی کی جس سے افراتفری پھیل گئی۔
ادھر ایجنسی ہیڈکواٹرر ہسپتال باجوڑ میں موجود ایک عینی شاہد نے بی بی سی کو بتایا کہ اس نے خود ایمرجنسی وارڈ میں دس لاشیں دیکھی ہیں جبکہ بارہ کے قریب افراد زخمی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہلاک و زخمی ہونے والوں میں عام لوگوں کے علاوہ لیوی اہلکار بھی شامل ہیں۔
ابھی تک کسی تنظیم نے اس دھماکے کی زمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ خیال رہے کہ باجوڑ ایجنسی میں گزشتہ سال ڈیڑھ سال سے شدت پسندوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے اور حکومت کا دعوٰی ہے کہ باجوڑ کے زیادہ تر علاقوں کو شدت پسندوں سے صاف کردیا گیا ہے۔















