جموں سیالکوٹ سیکڑ میں فائرنگ کا تبادلہ

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنایک ہفتہ قبل پاکستان رینجرز اور بھارتی بارڈر فورسز کے درمیان واہگہ سرحد پر فائرنگ ہوئی تھی
    • مصنف, عباد الحق
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
  • وقت اشاعت

پاکستان اور بھارت کی بارڈر فورسز کے درمیان سرحدی علاقے جموں سیالکوٹ سیکٹر میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔

پاکستان رینجرز کے ترجمان ندیم رضا کے بقول بھارت کی طرف سے پیر کی صبح بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کا رخ پاکستانی پوسٹوں کی طرف تھا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت کی طرف سے ایک گھنٹے کے وقفے سے دو مرتبہ فائرنگ کی گئی جس پر پاکستانی رینجرز نے بھر پور جواب دیا اور جوابی کارروائی کے بعد دوسری جانب سے فائرنگ کا سلسلہ بند ہوگیا ۔

پاک بھارت سرحدی محافظوں کے درمیان گزشتہ چند ماہ میں تین مرتبہ فائرنگ کا تبادلہ ہوچکا ہے اور رواں ماہ جنوری میں یہ دوسرا موقع ہے جب دونوں ممالک کے سرحدی علاقے میں فورسز کے درمیان فائرنگ ہوئی ہے۔

پاکستان رینجرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت کی طرف سے دوبارہ فائرنگ ہوئی تو اس کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔ایک سوال پر ترجمان نے بتایا کہ بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ پر ابھی تک کوئی فلیگ میٹنگ نہیں بلائی گئی ہے۔

دوسری جانب بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ ان کو جموں اور سیالکوٹ سیکٹر پر مشتبہ موومنٹ نظر آیی جس پر سرحدی فورس نے دس سے بارہ راؤنڈ فائر کیے جس کے جواب میں پاکستانی سرحدی فورس نے بھی فائرنگ کی۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ اس کے بعد دونوں طرف سے فائرنگ بند ہو گئی۔

خیال رہے کہ ایک ہفتہ قبل پاکستان رینجرز اور بھارتی بارڈر فورسز کے درمیان واہگہ سرحد پر فائرنگ ہوئی تھی اور فلیگ میٹنگ بلائی گئی جس میں بھارت نے یہ الزام لگایا تھا کہ ان کے سرحدی علاقے پر راکٹ داغے گئے تھے جو بقول بھارت کے پاکستان کی طرف سے آئے تھے جبکہ پاکستانی سرحدی محافظوں نے اس الزامات کو مسترد کردیا تھا اور بھارت کی طرف سے ہونے والی بلا اشتعال فائرنگ پر احتجاج کیا تھا۔