بم دھماکے میں سابق صوبائی وزیر ہلاک

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنغنی الرحمان تین مرتبہ سرحد اسمبلی کے رکن اور ہنگو کے ضلعی ناظم بھی رہ چکے ہیں
    • مصنف, رفعت اللہ اورکزئی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
  • وقت اشاعت

صوبہ سرحد کے ضلع ہنگو میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں سابق صوبائی وزیر غنی الرحمان سمیت چار افراد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے ہیں۔ہلاک ہونے والوں میں دو ایف سی اہلکار بھی شامل ہیں۔

ہنگو کے ضلعی پولیس سربراہ عبد الرشید نے بی بی سی کو تصدیق کی کہ یہ واقعہ اتوار کی دوپہر ہنگو کے نواحی علاقے بگٹو میں پیش آیا۔انہوں نے بتایا کہ غنی الرحمان ایک جنازے میں شرکت کےلیے جا رہے تھے کہ ایک پل کے نیچے نصب ریموٹ کنٹرول بم پھٹنے سے ان کی گاڑی نشانہ بنی۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے میں سابق صوبائی وزیر سمیت چار افراد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے۔ پولیس اہلکار کے مطابق دھماکے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں ڈرائیور اور سابق وزیر کی حفاظت پر مامور دو ایف سی اہلکار شامل ہیں۔

غنی الرحمان کے صاحبزادے اور ہنگو سے رکن سرحد اسمبلی عتیق الرحمان نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کے والد پر اس سے پہلے بھی چار مرتبہ قاتلانہ حملے ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ حملے کے بارے میں انھیں کچھ معلوم نہیں اور نہ ہی وہ بغیر تحقیق کے کسی پر الزام لگانا چاہتے ہیں۔

خیال رہے کہ غنی الرحمان تین مرتبہ سرحد اسمبلی کے رکن اور ہنگو کے ضلعی ناظم بھی رہ چکے ہیں۔ وہ گزشتہ دو دہائیوں سے ہنگو کی سیاست پر چھائے رہے۔ غنی الرحمان کی عمر انسٹھ سال اور میٹرک پاس تھے۔ سیاست میں آنے سے پہلے وہ ٹرک ڈرائیور تھے تاہم یہ ان دنوں کی بات ہے جب وہ خود ٹرانسپورٹ کا کاروبار کرتے تھے ۔

پہلی مرتبہ غنی الرحمان سنہ انیس سو اٹھاسی میں آزاد حیثیت میں سرحد اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور بعد میں وہ سابق وزیراعلیٰ سرحد آفتاب احمد خان شیرپاؤ کی کابینہ میں وزیر برائے آبپاشی بنا دیئے گئے۔ اس دوران وہ یونین کونسل کے چئیرمین بھی تھے۔

سنہ انیس سو 1993 اور انیس سو ستانوے میں بھی وہ ہنگو سے دوسری اور تیسری مرتبہ آزاد حیثیت میں رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ اس دوران انہوں نے سرحد میں وزیر اعلیٰ پیر صابر شاہ کی مسلم لیگ کی حکومت کی خاتمے میں اہم کردار اداکیا۔ وہ پیر صابر شاہ کی کابینہ میں وزیر رہتے ہوئے بھی آفتاب احمد خان شیرپاؤ کے ساتھ رہے اور ان کی حمایت کی، بعد میں شیرپاؤ کے کابینہ میں بھی وزیر رہے۔

انہوں نے قوم پرست جماعت عوامی نیشنل پارٹی کے پلیٹ فارم سے بھی انتخابات میں حصہ لیا۔ دو ہزار دو کے الیکشن میں ان کے صاحبزادے عتیق الرحمان اے این پی کے ٹکٹ پر ہنگو سے انتخابات میں حصہ لے کر کامیاب ہوئے تاہم بعد میں اے این پی سے منحرف ہوگئے۔

سابق صدر پرویز مشرف نے انیس سو ننانوے میں احتساب عدالتوں میں جب سیاستدانوں کے خلاف کیسز بنائے تو غنی الرحمان کے خلاف بھی اختیارات کے ناجائز استعمال اور بدعنوانیوں کے تحت ایک ریفرنس دائر کیا گیا۔ تاہم این آر او کے آنے سے ان کے خلاف دائر تمام مقدمات بند کردیئے گئے ۔

ضلع ہنگو کی حد تک وہ ایک بڑے سیاست دان سمجھے جاتے تھے۔ ان کے ہنگو اور قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی میں سرگرم بعض شدت پسند تنظیموں کے ساتھ در پردہ اچھے مراسم بھی تھے۔ وہ گزشتہ کچھ عرصہ سے ہنگو میں امن وعامہ کی بگڑتی صورتحال اور طالبان تنظیموں کے اثر رسوخ کے باعث پشاور میں مقیم تھے۔ ان کی موت سے ضلع ہنگو کے سیاسی نقشہ میں واضح تبدیلیاں متوقع ہیں۔