اورکزئی ایجنسی: جیٹ طیاروں کی بمباری، آٹھ ہلاک

- مصنف, دلاور خان وزیر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
- وقت اشاعت
پاکستان کے قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی میں جیٹ طیاروں نے بمباری کی ہے جس کے نتیجہ میں دس افراد ہلاک جبکہ آٹھ زخمی ہوگئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کے ٹھکانوں کونشانہ بنایا گیا ہے لیکن مقامی لوگوں کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
ایک سرکاری اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ جمعہ کی صبح لوئر اورکزئی کے علاقے فیروزخیل میں دو مشکوک ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں سے بمباری کی گئی ہے جس کے نتیجہ میں دس شدت ہلاک جبکہ آٹھ زخمی ہوگئے ہیں۔ اہلکار کا کہنا تھا کہ بمباری سے دو مشکوک ٹھکانے اور چار گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔
تاہم مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جمعہ کی صبح فیروز خیل میں ایک مقامی قبائلی رہنما ملک زکریا کے گھر پر دو جیٹ طیاروں نے بمباری کی جس کے نتیجہ میں دس افراد ہلاک اور متعدد زحمی ہوگئے۔مقامی لوگوں کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں تین خواتین اور چار بچے شامل ہیں۔عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ مقامی لوگوں نے ملبے سے لاشیں اور زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے معمولی زخمیوں کو کلائی اور شدید زخمیوں کو ہنگو ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔
یاد رہے کہ قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں بیت اللہ گروپ کے مقامی طالبان کے خلاف فوجی کارروائی کے بعد سے زیادہ تر شدت پسند اورکزئی، کُرم اور خیبر ایجنسی میں منتقل ہوگئے ہیں اور سکیورٹی فورسز نے بھی گزشتہ تین ہفتوں سے ان تینوں قبائلی علاقوں میں میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی تیزی کر دی ہے۔















