بلوچستان: سات چیک پوسٹیں ختم

’سمگلنک کو روکنے کے لیے اس وقت بھی صرف ضلع قلعہ عبداللہ میں ڈیڑھ سو سے زیادہ چیک پوسٹیں ہیں سب کو تو ختم نہیں کیا جاسکتاہے‘
،تصویر کا کیپشن’سمگلنک کو روکنے کے لیے اس وقت بھی صرف ضلع قلعہ عبداللہ میں ڈیڑھ سو سے زیادہ چیک پوسٹیں ہیں سب کو تو ختم نہیں کیا جاسکتاہے‘
    • مصنف, ایوب ترین
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
  • وقت اشاعت

آغاز حقوق بلوچستان پیکیج کے تحت وزیر اعظم پاکستان یوسف رضاگیلانی کے اعلان پر حکومت نے فرنٹیئر کور اور کوسٹ گارڈ کی جانب سے اوتھل اور چمن کے شیلاباغ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں سات چیک پوسٹیں ختم کردی ہیں۔

تاہم افغانستان سے ملحقہ بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں لوگوں نے کہا ہے کہ فرنیٹئر کور نے کوژک کے مقام پر قائم شیلاباغ چیک پوسٹ ختم کر کے اس کی جگہ چمن شہر سے پانچ کلو میٹر کے فاصلے پر کوئٹہ کی طرف (گڑنگ) کے مقام پر ایک اورچیک پوسٹ کو متحرک کر دیا ہے۔ فرنٹیئر کور نے اس نئی چیک پوسٹ پر لوگوں کی تلاشی کرنے کے علاوہ کوئٹہ سے چمن جانے والی گاڑیوں اور ٹرکوں کی چیکینگ کا عمل شروع کردیا ہے۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ اس چیک پوسٹ پر چیکنگ کی وجہ سے چمن شہرمیں اشیاء خوردنوش کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے اور چمن کے شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فرنٹیئر کور کے اس عمل کو وزیر اعظم کے احکامات کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

چمن چمبرآف کامرس کے رکن عبدالجبار مخلص نے بی بی سی کو بتایا کہ فرنٹیئر کور نے دو اور چیک پوسٹ قائم کردی ہیں اور گڑنگ چیک پوسٹ کےساتھ ساتھ ایف سی نے چمن شہرکے قریب واپڈا سٹیشن کے عقب میں ایک اور چیک پوسٹ قائم کر کے وزیراعظم کے احکامات کی نفی شروع کر دی ہے۔

اس سلسلے میں کوئٹہ میں فرنٹیئر کور کے ذرائع نے کہا ہے کہ ایف سی نے وزیر اعظم کے اعلان پر شیلاباغ پوسٹ پر تلاشی کا عمل روک دیا ہے۔ ’افغانستان سے پاکستان آنے والا اسلحہ، منشیات اور انسانی سمگلنک کو روکنے کے لیے اس وقت بھی صرف ضلع قلعہ عبداللہ میں ڈیڑھ سو سے زیادہ چیک پوسٹیں ہیں سب کو تو ختم نہیں کیا جاسکتاہے۔‘

بلوچستان سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر صنعت وپیداوار آیت اللہ درانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کا افغانستان اور ایران کے ساتھ ایک طویل زمینی اور سمندری سر حد واقع ہے جس کے باعث حکومت کے لیے فی الحال ممکن نہیں ہے کہ تمام چیک پوسٹوں کو فوری طور پر ختم کیا جاسکے اور جب بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوگی تووقت کے ساتھ ان چیک پوسٹوں کو بھی ہٹا دیاجائے گا۔