’القاعدہ جنوبی وزیرستان میں موجود ہے‘

رحمن ملک
،تصویر کا کیپشنوزیرستان میں القاعدہ کے پانچ ہزار لوگ مقامی تنظیموں سے ملکر کارروائیاں کرتے ہیں: رحمان ملک
    • مصنف, احمد رضا
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
  • وقت اشاعت

پاکستان کے وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ جنوبی وزیرستان سمیت پاکستان اور افغانستان کی سرحدی علاقوں میں القاعدہ کے لوگ موجود ہیں اور ان کے خاتمے کے لیے پاکستان، افغانستان اور امریکہ کو مشترکہ حکمت عملی طے کرنا ہوگی۔

بی بی سی اردو سروس سے بات کرتے رحمان ملک نے یہ بھی واضح کیا کہ موجودہ حکومت جنوبی وزیرستان کے شدت پسندوں سے کوئی معاہدہ نہیں کرے گی لیکن جو لوگ ہتھیار پھینکنے اور تائب ہونے پر تیار ہوں ان کے کیسز پر حکومت غور کیا جائے گا۔

رحمن ملک نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ القاعدہ افغانستان اور پاکستان کی سرحدوں پر موجود ہے۔ ’جنوبی وزیرستان میں پانچ ہزار سے اوپر القاعدہ کے لوگ ہیں جو سب باہر سے آئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے وہاں اپنے ٹھکانے بنائے ہوئے ہیں اور تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ مل کر کارروائیاں کرتے رہے ہیں۔‘

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جو کوالالمپور کے دورے پر ہیں۔ گزشتہ روز صحافیوں سے بات کرتے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف فوجی کارروائی بہت کامیاب رہی ہے اور امکان ہے کہ فوج اپنے اہداف موسم سرما سے پہلے ہی حاصل کرلےگی۔

رحمن ملک نے کہا کہ حکومت شدت پسندوں پر نظر رکھے ہوئے ہے اور اسے ایسی اطلاعات ملی ہیں کہ ’کچھ شدت پسند نقل مکانی کرنے والوں کے ساتھ مختلف علاقوں میں پہنچے ہیں اور انہیں تلاش کیا جا رہا ہے اور کچھ لوگوں کے بارے میں یہ بھی اطلاع ہے کہ وہ اورکزئی ایجنسی کی طرف نکلے ہیں لیکن یہ لوگ جہاں بھی ملے ان کے خلاف ایکشن اسی طرح ہوگا جیسے ہم نے سوات اور دوسرے علاقوں میں کیا۔‘

امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے جو پچھلے دنوں ہی پاکستان کا تین روزہ دورہ مکمل کرکے واپس گئی ہیں، ایک سے زیادہ مرتبہ یہ بات کہی ہے کہ وہ اس بات کو تسلیم نہیں کرتیں کہ پاکستانی حکومت میں شامل لوگوں کو اس بات کا علم نہیں کہ القاعدہ کے لوگ کہاں چھپے ہوئے ہیں اور انہوں نے اس بات پر زور بھی دیا کہ پاکستان القاعدہ کے خلاف کارروائی کرے جو ان کے بقول پاکستان میں ہی کہیں چھپی بیٹھی ہے۔

رحمن ملک نے اس بارے میں کہا کہ ’اس میں تو کوئی شک نہیں ہے کہ القاعدہ افغانستان اور پاکستان کی سرحدوں پر موجود ہے۔ ہم نے ان کے گرد گھیرا تنگ بھی کیا ہے۔ اگر دیکھا جائے تو جو آج ہم نے ایکشن لیا ہے جنوبی وزیرستان میں تو وہاں پانچ ہزار سے اوپر وہی القاعدہ کے لوگ ہیں جو سب باہر سے آئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے وہاں اپنے ٹھکانے بنائے ہوئے ہیں اور تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ مل کر کارروائیاں کرتے رہے ہیں۔‘

پاکستانی وزیر داخلہ نے زور دیا کہ طالبان اور غیرملکی جنگجوؤں کو اسلحے کی فراہمی روکنے کے لیے امریکہ اور افغانستان کو اقدامات کرنا ہوں گے۔

’جتنا بھی وہاں سے اسلحہ مل رہا ہے وہ سارے کا سارا دوسرے ملکوں کا بنا ہوا ہے اور افغانستان کے راستے آ رہا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ جب تک اسلحے اور بارود کی ترسیل بند نہیں ہوتی اس وقت تک ہمارے لیے مسئلہ رہے گا۔‘

وزیر داخلہ نے کہا کہ جب تک پاکستان، امریکہ اور افغانستان مشترکہ حکمت عملی کے تحت شدت پسندوں کے خلاف نہیں لڑیں گے، ان کے خاتمے میں مسائل رہیں گے۔

’بدقسمتی سے اس وقت تینوں ملکوں کی الگ الگ حکمت عملی ہے اس معاملے کو حل کرنے کے لیے ہمارا زور ہمیشہ یہی ہوتا ہے کہ ہمیں اس کے لیے ایک حکمت عملی جوڑنی چاہیے۔‘

انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں فوجی کارروائی محسود یا وزیر قبائل کے خلاف نہیں بلکہ تحریک طالبان پاکستان، القاعدہ اور پاکستان کی کالعدم شدت پسند تنظیموں کے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہے جنہوں نے علاقے میں اپنے ہیڈکوارٹر بنائے ہوئے تھے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں جنوبی وزیرستان میں جو بھی فوجی آپریشن ہوئے انہیں عوام کی تائید حاصل نہیں تھی اسی لیے ان کا اختتام شدت پسندوں کے ساتھ امن معاہدوں پر ہوا۔ ان کے بقول اس مرتبہ ملک کی سیاسی قیادت اور بچہ بچہ اس جنگ میں فوج کے ساتھ ہے اور حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی بھی صورت میں شدت پسندوں کے ساتھ کوئی رعایت برتی جائے گی اور نہ کوئی معاہدہ کیا جائے گا۔

’میں یہ سمجھتا ہوں کہ آنے والے وقت میں طالبان کے لیے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں ہے کیونکہ پوری حکومت نے تمام عوام نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ طالبان مردہ باد ہیں۔‘

صوبہ سرحد میں دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر دو ہفتے پہلے بند ہونے والے سکول اور دوسرے تعلیمی ادارے پیر کو کھول دیے گئے ہیں۔ رحمن ملک نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے لیے سکیورٹی انتظامات کو بہتر بنایا گیا ہے اور صوبوں اور وفاقی دارالحکومت میں جہاں جہاں ضرورت تھی مزید اہلکار تعینات کیےگیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے منتظمین اور طلباء و طالبات کے والدین کی جانب سے حکومت کو تدریسی عمل کی بحالی کے لیے دباؤ کا سامنا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ وہ دہشتگردی کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے اسی لیے حکومت نے اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا۔