پاکستانیوں کی لاشیں وطن واپس

سیستان میں ہلاک ہونے والوں کی لاشیں
،تصویر کا کیپشنحملے میں کئی اعلیٰ فوجی حکام سمیت بیالیس لوگ ہلاک ہوئے تھے
وقت اشاعت

ایرانی حکام نےپاک ایران سر حد تفتان کے مقام پر جمعہ کےروز ان پانچ پاکستانیوں کی لاشیں پاکستانی حکام کے حوالے کر دی ہیں جو گزشتہ اتوار کو ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان میں ایک خودکش حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔

ان پاکستانیوں کاتعلق بلوچستان کے ضلع پشین سے ہے جو محنت مزدوری کرنے ایران گئے تھے۔ اس حملے میں کئی اعلیٰ ایرانی فوجیوں سمیت بیالیس افراد ہلاک اور پچیس سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔

تفتان میں بعض ذرائح نے کہا ہے کہ موصول ہونے والی لاشوں سے ایسا نہیں لگتا ہے کہ ان کی موت کسی بم دھماکے میں ہوئی ہے۔ تاہم ٰضلعی رابطہ آفیسر چا غی ڈاکٹر محمد اسلم محمد شہی نے بی بی سی اردو ڈاٹ کام کو بتایا ہے کہ تفتان انتظامیہ نے لاشیں وصول کرنے کے بعد دالبندین روانہ کر دیں جہاں پوسٹمارٹم کے بعد معلوم ہوا کہ ان لوگوں کی موت بم دھماکے کے نتیجے میں ہی ہوئی ہے۔

تحصیلدار تفتان عبدالرزاق نے بتایا ہے کہ مرنے والوں میں چار کا تعلق ضلع پشین کے علاقے کلی یارو سے اور ایک نواں کلی کوئٹہ کا رہائشی ہے۔ یہ لوگ محنت مزدوری کے سلسلے ایران گئے تھے لیکن ان کے پاس پاسپورٹ نہیں تھے۔

دوسر ی جانب پانچ روز قبل ایران نے خودکش حملے کے فوراً بعد پاکستان کے ساتھ زاہدان اور مند کے مقام پر اپنی سرحد بند کر دی ہے جس کے باعث ایران سے ملحقہ بلوچستان کے ان سر حدی علاقوں میں روزمرہ اشیاء خوردنوش کی نہ صرف قلت پیدا ہوگئی ہے بلکہ بہت سی چیزیں بالکل میسر نہیں ہیں۔

مذکورہ حملے کے بعد ایران نےالزام عا ئد کیا تھا کہ حملے میں جنداللہ نامی سنی شدت پسند تنظیم کا ہاتھ ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق تنظیم کے قائدین پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں بیٹھ کر ایران میں شعیوں کے خلاف دھشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث ہیں۔

ا یرانی حکام نے پاکستان سے اس تنظیم کے خلاف فوری کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان نےبلوچستان میں جنداللہ کے قائدین کی موجودگی کی تردید کرتے ہوئے ایران کو یقین دہانی کرائی ہے کہ کسی کو ایران میں دھشت گردی کے لیے پاکستان کی سرزمین استعمال کر نےکی اجازت نہیں دیں گے۔

خیال رہے کہ ایران نے کئی سالوں سے پاکستان کے ساتھ سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کام شروع کر رکھا ہے لیکن اس کے باوجود دونوں ممالک سرحد پر لوگوں کی نقل وحمل اور منشیات کی اسمگلنگ کو روکنے میں کا میاب نہیں ہوئے ہیں۔