سکھر سے سترہ افغان باشندے گرفتار: رینجرز

کراچی پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری و نجی سکولوں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے
،تصویر کا کیپشنکراچی پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری و نجی سکولوں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے
    • مصنف, ریاض سہیل
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
  • وقت اشاعت

سندھ کے ضلع سکھر میں رینجرز حکام نے صوبہ سندھ کی حدود میں داخل ہونے والے سترہ غیر ملکیوں کو حراست میں لے لیا ہے جن کے پاس کوئی دستاویز موجود نہیں ہیں۔

سندھ رینجرز کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ان غیر ملکیوں کا تعلق افغانستان سے ہے اور یہ صوبہ پنجاب سے سندھ میں داخل ہو رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ان افراد کو گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران حراست میں لیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ان افراد کے پاس پاکستان میں داخلے کا کوئی بھی دستاویز موجود نہیں ہے اور ان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے جس کے بعد انہیں پولیس کے حوالے کردیا جائے گا۔

تین روز قبل کشمور کے مقام پر بھی سات افغان شہریوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ دہشت گردی کی حالیہ لہر اور وزیرستان میں آپریشن کے بعد بین الصوبائی حدود پر قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو الرٹ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سندھ کے وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کے سخت انتطامات کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ تمام علاقوں میں قائم سرکاری و نجی سکولوں کے منتظمین کو اعتماد میں لے کر ان کی مشاورت سے ٹھوس سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

ایک اعلامیے کے مطابق پولیس کو کہا گیا ہے کہ سرکاری و نجی سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کی بالخصوص سکولوں کو روانگی اور چھٹی کے اوقات میں تھانے کی سطح پر سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے علاوہ سکولز کے اطراف میں پٹرولنگ، چیکنگ اور کڑی نگرانی کے عمل کو ممکن بنایا جائے۔

کراچی میں آرمی پبلک اسکول، رینجرز اور فیڈرل بورڈ کے زیر انتظام چلنے والے سکولوں کو ایک ہفتے تک بند کردیا گیا ہے۔