پاکستان حملوں پر امریکہ میں تشویش

- مصنف, حسن مجتبیٰ
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نیویارک
- وقت اشاعت
پاکستان میں گذشتہ ایک ہفتے میں فوج کے ہیڈ کوارٹر اور لاہور میں پولیس کے تربیتی مرکز سمیت دہشتگردی کے بڑے حملوں کی حالیہ لہر کے بعد پاکستان میں جوہری اسلحے کی تنصیبات کے محفوظ ہونے پر امریکہ میں خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
امریکہ کے نیشنل پبلک ریڈیو نے ایک پروگرام میں کہا ہے کہ پاکستان کی فوج کے طاقت کے منبع میں شدت پسندوں کی طرف سے بیس گھنٹوں تک فوجیوں کو یرغمال بنائے رکھنے کے بعد امریکہ میں تشویش پائي جاتی ہے کہ شدت پسند پاکستان کے جوہری اسلحے پر قبضے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
نیشنل پبلک ریڈیو یا این پی آر نے یہ بھی دعوی کیا ہے کہ پاکستان کے پاس ساٹھ نیوکلیئر ہتھیار موجود ہیں۔
امریکی پبلک ریڈیو کی رپورٹ میں کہا گيا کہ ’گذشتہ ہفتے پاکستان میں فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹرز اور لاہور میں پولیس کمانڈوز کے تربیتی مرکز پر دہشتگردانہ حملوں کی تازہ لہر کے بعد امریکہ میں یہ سوالات تشویش کے ساتھ پوچھے جار ہے ہیں کہ کیا شدت پسند حملہ آور جوہری تنصیات میں بھی گھس سکتے ہیں؟‘
نیشنل پبلک ریڈیو نے ہارورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر اور جوہری اسلحے کے پھیلاؤ پر ماہر میتھیو بن کے بیان سے اپنی بات چیت کے حوالے سے کہا ہے کہ ’میتیھو بن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کی حالیہ لہر کے بعد پاکستان کی جوہری تنصیبات کے بارے میں تشویش کے لیے کئي وجوہات موجود ہیں۔‘
نیوکلئیر اسلحے کے پھیلاؤ کے امریکی ماہر کا این پی آر پر کہنا تھا ’پاکستانی فوج کی وردیاں پہنے شدت پسندوں نے فوجی ہیڈکوارٹرز پر حملہ کیا اور انہوں نے اپنی جعلی شناختیں بنائی ہوئي تھیں جنکی مدد سے وہ چیک پوسٹوں یا چوکیوں پر سے فوجی ہیڈکوارٹرز کے اندر آسانی سے داخل ہوگئے۔‘
دہشتگردی کی گذشتہ ہفتے تازہ لہر کے بعد اوباما انتظامیہ نے پاکستانی حکومت کو اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے اور غیر ضروری خدشات کے بارے میں خبردار کیا ہے۔ جبکہ سیکرٹری خارجہ ہیلری کلنٹن نے نے کہا تھا کہ امریکہ کو پورا یقین ہے کہ پاکستانی حکومت اور فوج کا جوہری تنصیبات پر ممکل کنٹرول ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ حملے اس بات کا ثبوت ہیں کہ شدت پسند حکومت کی عملداری کو دھمکیاں دے رہے ہیں لیکن اسکے کوئي شواہد نہیں کہ شدت پسند حکومت پر قبضہ کرلیں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
این پی آر نے گذشتہ سال تک امریکی جاسوسی ادارے سی آئي اے میں وسیع تباہی کے ہتھیاروں کا یونٹ چلانے والے انسداد دہشتگردی کے سابق ڈائریکٹر سام فیڈس کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’شدت پسند اپنی کارروائیوں کے مراکز سے باہر حملے کر کے یہ ثابت کر رہے ہیں کہ وہ نہ صرف افغانستان کی سرحدوں سے متصل قبائلی علاقوں بلکہ پاکستان میں جس جگہ بھی چاہیں حملے کرسکتے ہیں۔ تشویشناک بات یہ ہے کہ قبائلی علاقوں سے ہٹ کر شدت پسندوں نے پاکستان کے ان مرکزی علاقوں میں کارروائیاں کی ہیں جہاں خیال کیا جاتا ہے کہ جوہری ہھتیاروں کی تنصیبات واقع ہیں یا کم از کم امریکہ ایسا سمجھتا ہے۔‘



















