’این آر او پارلیمان کے ماتھے پر داغ ہوگا‘

نواز شریف
،تصویر کا کیپشنکرپشن کو قانونی جواز دینے کے لیے سیاست دانوں کو پارلیمنٹ کو استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
    • مصنف, عبادالحق
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
  • وقت اشاعت

مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف نے قومی محصالحتی آرڈیننس یعنی این آر او کو پارلمنٹ میں پیش کرنے کی مخالفت کی ہے اور کہا کہ پارلیمنٹ سے آرڈیننس کی توثیق میں پاکستان کی بدنامی ہوگی ۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے این آر او کو پاکستان کے لیے ایک بڑا امتحان قرار دیا اور اپیل کی کہ حکومت این آر او کو پارلیمنٹ میں پیش نہ کرے اور اس قانون کو پارلیمنٹ سے دور رکھے کیونکہ بقول ان کے پارلیمنٹ سے اس قانون کی منظوری پاکستان کے لیے باعث بدنامی ہوگی۔

خیال رہے کہ نواز شریف کی طرف سے این آر او کو پارلیمنٹ میں پیش نہ کرنے کا مطالبہ اس وقت سامنے آیا ہے جب اسے بحث کے لیے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پیش کیا جا چکا ہے۔

نواز شریف کا کہنا ہے کہ اگر پارلینمٹ نے اس قانون کو منظور کیا تو اس سے پارلیمنٹ اور اس قانون کو منظور کرنے والوں کے ماتھے پر ہمیشہ کے داغ لگ جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن کو قانونی جواز دینے کے لیے سیاست دانوں کو پارلیمنٹ کو استعمال نہیں کرنا چاہیے کیوں کہ بقول ان کے، کہنے والے کہیں گے کہ کرپشن کو قانونی جواز دینے کے لیے سیاست دانوں نے کیا کام کیا ہے اس لیے حکومت این آر او کے معاملے پر پارلیمنٹ، اپوزیشن اور خود کو امتحان میں نہ ڈالے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بیرونی قرضے لینے کی بھی مخالفت کی اور کہا کہ قرضے لینے کےباوجود بھی ملک مسائل سے دوچار ہے۔ انہوں نے چین کی مثال دیتے ہوئے کہا چین پاکستان سے دو برس بعد آزاد ہوا تھا لیکن آج وہ پوری دنیا کو قرضے دے رہا ہے جب کہ پاکستان پہلے آزاد ہونے کے باوجود بھی قرض مانگ رہا ہے۔

ان کے بقول ایٹمی دھماکوں کے بعد قرضے نہ لینے کا فیصلہ ہوا تھا اور اگر اس فیصلہ کو برقرار رکھا جاتا تو آج پاکستان اپنی منزل کے قریب ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں اپنی خود مختاری، غیرت اور عزت عزیز ہے تو ہمیں قرضے اور بھیک مانگنا ختم کردینا چاہیے۔

نواز شریف کے بقول قرض لیے بغیر بھی پاکستان کو چلایا جا سکتا ہے اور اس مقصد کے لیے حکومت اپنے اخِراجات کم کرے جب کہ عوام پورا ٹیکس دیں تو دنوں میں حالات بہتر ہوجائیں گے۔