’پارلیمان کو کیوں بیوقوف بنایا گیا‘

- مصنف, ہارون رشید
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
- وقت اشاعت
صدرِ پاکستان کی جانب سے جنرل مشرف کو محفوظ راستہ دینے کی ڈیل کا بیان سامنے آنے کے بعد پاکستان میں حزب اختلاف کی بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی اور ایوانِ بالا میں صدر کے خلاف تحاریک پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف چودھری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ اگر سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف کے اقتدار سے علیحدگی کے پیچھے عالمی طاقتیں کارفرما تھیں تو پھر آصف زرداری بھی انہی طاقتوں کی مدد سے ایوانِ صدر میں داخل ہوئے ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کسی بین الاقوامی ضمانت کے ذریعے نہیں بلکہ پارلیمنٹ میں مواخذے کے خوف سے مستعفی ہوئے تھے اور’اگر پرویز مشرف کا جانا عالمی طاقتوں کا کام تھا تو صدر زرداری کا آنا بھی انہیں کی وجہ سے ممکن ہوا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’اگر واقعی یہ ایک ڈیل کے ذریعے ہوا تو پھر پارلیمنٹ کو بیوقوف بنانے کی کیا ضرورت تھی‘۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قوم کو اس ڈیل کی تفصیلات اور محرکات سے آگاہ کیا جائے۔ چودھری نثار کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اس حوالے سے صدر کے خلاف تحاریک لائے گی۔
خیال رہے کہ صدر آصف علی زرداری نے پیر کو صحافیوں کے ساتھ افطار کی تقریب میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف کو محفوظ راستہ دینے میں ملکی اور غیرملکی قوتیں ضامن ہیں اور یہ کہ وہ مستعفی ہونے کے بعد اگر چاہیں تو گالف کھیل سکتے ہیں۔
اس سوال کے جواب میں کہ آیا سٹیک ہولڈرز میں فوجی سربراہ جنرل کیانی اور سعودی حکمراں شاہ عبداللہ بھی شامل تھے تو صدر کا کہنا تھا کہ ضامنوں میں ملکی اور غیرملکی دونوں شامل تھے۔
مسلم لیگ (ن) نے اس بیان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاہدے میں تاہم نہ ان سے مشورہ ہوا تھا اور نہ ہی ان کی کسی قسم کی رضا مندی اس میں شامل تھی۔ جماعت کے مرکزی رہنما ظفر اقبال جھگڑا نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صدر کا بیان افسوس ناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ’نہ ہمیں اس معاملے پر اعتماد میں لیا گیا ہے اور نہ ہم آن بورڈ تھے۔ اس سے تو یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ہم ایک خودمختار ملک نہیں ہیں اور بیرونی قوتیں ہیں اس ملک کو چلا رہی ہیں‘۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ظفر اقبال جھگڑا کا ماننا تھا کہ اس اعلان سے منتخب ایوانوں کی سبکی ہوئی ہے۔ ’ہم اسے آئندہ اجلاس میں ایوان میں لائیں گے اور وضاحت چاہیں گے کہ اگر اس پارلیمان کو بھی پائی پاس کیا گیا ہے تو آیا یہ بھی ایک ربڑ سٹمپ ایوان ہے۔ ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے‘۔
صدر زرداری کے بیان پر اگرچہ دیگر سیاسی جماعتوں کا کوئی ردعمل تاحال سامنے نہیں آیا ہے لیکن اس سے ملک میں پارلیمان کی بالادستی پر ایک نئی بحث چھڑ جانے کا خدشہ ہے۔



















