دفتر خارجہ کا ایک اعلی اہلکار گرفتار

- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
- وقت اشاعت
قومی احتساب بیورو نے سپریم کورٹ کے حکم پر ایک بھارتی شہری کو پاکستانی پاپسورٹ جاری کرنے کے الزام میں وزارت خارجہ میں تعینات ایک اعلی افسر کو جمعہ کے روز گرفتار کر لیا ہے۔گرفتار ہونے والے غلام رسول بلوچ وزارت خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل ریسرچ کےعہدے پر کام کر رہے تھے۔
بتایا جاتا ہے کہ مزکورہ افسر جب امریکہ کے شہر ہوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل تھے تو انہوں نے ایک بھارتی شہری عزیز موسی کو پاکستانی پاپسورٹ جاری کردیا تھا۔
قومی احستاب بیورو نےاس واقعہ کی تحقیقات شروع کیں اوراس ضمن میں اُن کےاسسٹنٹ محمد نعیم کوگرفتار کرلیا جو گذشتہ کئی ماہ سے نیب کی تحویل میں ہے۔
جمعرات کو سپریم کورٹ میں اس مقدمے کی سماعت کے دوران مزکورہ ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے موکل کواس لیے گرفتار کیا گیا کیونکہ وہ ایک چھوٹے رینک کا اہلکار ہے جبکہ جس افسرکے حکم پر یہ پاپسورٹ جاری کیا گیا اُس کو گرفتار نہیں کیا گیا ۔
نیب کے پراسکیوٹر جنرل ڈاکٹر دانشور ملک کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے غلام رسول بلوچ کے وارنٹ گرفتاری حاصل کر لیے گئے ہیں اور اُنہیں جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
مزکورہ اہلکار اس وقت پولی کلینک ہسپتال میں انتہائی نگہداشت کی وارڈ میں زیر علاج ہیں تاہم اُن کے کمرے کے باہر پولیس اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں۔
وزارت خارجہ میں بھی بھارتی شہری کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کرنےکے حوالے سے تحقیقات کی گئیں تھیں تاہم اس ضمن میں دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ دستیاب نہیں تھے۔















