مہمند ایجنسی: مارٹر گولےگرنے سے 5 ہلاک

- مصنف, رفعت اللہ اورکزئی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
- وقت اشاعت
قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں اطلاعات کے مطابق سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مارٹر گولے مکانات پر گرنے سے پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
مہمند ایجنسی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہ واقعات منگل اور بدھ کی درمیانی شب تحصیل انبار کے علاقے میں پیش آئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اہلکار توپ خانے سے مشتبہ عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کررہے تھے کہ اس دوران موسٰی کور اور غلجو درہ میں دو مارٹر گولے مکانات پر جاگرے جس سے وہاں موجود پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔ تاہم سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد عسکریت پسند ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جن مکانات کو نشانہ بنایا گیا ہے وہاں عسکریت پسندوں کا کوئی ٹھکانہ نہیں تھا۔
ادھر دوسری طرف نامعلوم مسلح افراد نے مہمند ایجنسی کے ایک سرکردہ قبائلی سردار کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے۔
پولیٹکل انتظامیہ کے ایک اہلکار کے مطابق تحصیل حلیم زئی کے قبائلی سردار ملک ولایت شاہ گھر سے مسجد جارہے تھے کہ تاک میں بیٹھے مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی جس سے وہ شدید زخمی ہوئے۔ قبائلی سردار کوبعدا ازاں قریبی ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔
اس قتل کی وجہ فوری طورپر معلوم نہیں ہوسکی اور نہ کسی نے اس کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مرحوم ولایت شاہ کا حکومت اور طالبان دونوں سے اچھے دوستانہ مراسم تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ مہمند ایجنسی میں حکومت کی طرف سے طالبان کے خلاف کسی باقاعدہ فوجی آپریشن کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم طالبان کی جانب سے جب بھی سکیورٹی فورسز پرحملہ ہوتا ہے تو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے اس کا بھرپور جواب دیا جاتا ہے۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ چند دن پہلے مہمند ایجنسی سے تحریک طالبان پاکستان کے مرکزی ترجمان مولوی عمر کوگرفتار کیا گیا تھا۔ اس گرفتاری کے بعد علاقے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران مقامی طالبان نے حکومتی حامی امن کمیٹی کے پانچ کے قریب ارکان کو اغواء کرنے کے بعد قتل کیا ہے جبکہ سکیورٹی فورسز نے بھی مختلف کاروائیوں میں کئی شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کے دعوے کیے ہیں۔



















