گرفتاری کے بعد خاموشی

عسکریت پسند گرفتار
،تصویر کا کیپشنگرفتاری کے بعد مبینہ دہشت گردوں کے بارے میں کوئی خبر منظر عام پر نہیں آتی
    • مصنف, ذیشان ظفر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
  • وقت اشاعت

پاکستان میں حکام کے کے مطابق سال دو ہزار آٹھ سے اب تک ملک بھر میں درجنوں مشتبہ شدت پسندوں کو گرفتار کیا گیا ہے لیکن حکومت کے ہاتھ لگنے والوں میں سب سے اہم ترین کمانڈر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان مولوی عمر ہیں۔

اس کے بعد کالعدم تحریک نفاذ شریعت محمدی کے سربراہ مولانا صوفی محمد ہیں لیکن ان کا عسکریت پسند طالبان سے براہ راست تعلق نہیں ہے۔ تاہم گرفتار کیے جانے والے مبینہ شدت پسندوں کے بارے میں گرفتاری کے علاوہ سزا، اہم معلومات کا حصول اور کارروائی، تحقیقات کے بعد رہائی یا عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کرنے جیسی خبریں منظر عام پر نہیں آتی ہے۔

سنہ دو ہزار نو کی گرفتاریاں

اٹھارہ اگست

حکام کے مطابق پاکستان کے قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان مولوی عمر کو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

سترہ اگست

اسلام آباد پولیس نے دعوٰی کیا کہ اُس نے قبائلی شدت پسند بیت اللہ محسود کے قریبی ساتھی سیف اللہ کو اسلام آباد کے نواحی علاقے بارہ کہو سے گرفتار کیا ہے۔ اس کے علاوہ ایک اور مبینہ شدت پسند زاہد اکرم کو بھی گرفتار کرنے کے بارے میں بتایا گیا۔

پندرہ اگست

پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ سے بیت اللہ محسود گروپ سے تعلق رکھنے والے ایک مبینہ خودکش بمبار کوگرفتار کیا جو اہم عمارتوں اور حساس اداروں کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔

یکم اگست

پاکستان فوج کے مطابق سوات میں سکیورٹی فورسز نے اہم طالبان کمانڈر ابن امین کے بھائی ابن عقیل کو گرفتار کیا ہے۔ تاہم پاکستان کے فوج کے ترجمان نے سوات آپریشن کے ابتدائی دنوں میں کہا تھا کہ ابن عقیل ایک کارروائی میں مارے گئے ہیں۔

چھبیس جولائی

پشاور میں حکام کا کہنا تھا کہ کالعدم تحریک نفاذ شریعت محمدی کے سربراہ مولانا صوفی محمد کو ان کے بیٹوں سمیت گرفتار کر لیا۔

چھبیس جولائی

راولپنڈی کی ایک عدالت نے پولینڈ کے ایک انجینئر کے اغوا اور بعد میں قتل کے مقدمے میں سابق رکن قومی اسمبلی شاہ عبدالعزیز کو باقاعدہ گرفتار کرکے تین روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

سات جولائی

پاکستان فوج نے دعویٰ کیا کہ سوات میں کئی شدت پسندوں کو ہلک کرنے کے علاوہ چونتیس شدت پسندوں کوگرفتار کیا گیا۔

چوبیس جون

پنجاب پولیس نے اٹھارہ دہشت گردوں اور خود کش حملہ آوروں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے خود کش حملے میں استعمال ہونی والی جیکٹیں برآمد کرنے کا دعویْ کیا۔

تئیس جون

پاکستان کے شہر کراچی میں پولیس نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے پانچ مبینہ ارکان کو گرفتار کرنے اور ان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ برآمد کرنے کا دعوٰی کیا۔

سات جون

اسلام آباد پولیس نے ریسکیو 15 کے دفتر پر بم حملے سے تعلق کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا۔ان کا تعلق تحریک طالبان کے کمانڈر بیت اللہ محسود سے بتایا جاتا ہے۔

پانچ جون

سرحد حکومت کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کالعدم تنظیم تحریک نفاذ شریعتِ محمدی کے نائب امیر اور مرکزی ترجمان سمیت چھ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ سکیورٹی فورسز کے مطابق تحریک کے نائب امیر اور ترجمان اس سے اگلے روز مبینہ طور پر شدت پسندوں کے حملے میں ہلاک ہو گئے۔

دو جون

اسلام آباد پولیس نے شدت پسندوں کے ایک اہم رکن کو گرفتار کرنے کا دعوٰی کیا جو مدرسوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کو دہشت گردی کی تربیت دینے کے لیے وزیرستان بھیجتا تھا۔

ستائیس مئی

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر میانوالی میں پولیس نے دو دہشت گردوں کو بھاری اسحلہ سمیت گرفتار کرنے کا دعویْ کیا۔

اکتیس مئی

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع میر پور میں ایک درجن مشتبہ افراد کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے حراست میں لے لیا۔

اکتیس مئی

پولیس کے تربیتی مرکز پر دہشت گرد حملے کے بعد گرفتار ہونے والے مشتبہ شخص سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر لاہور پولیس نے شہر میں چھاپے مارے ہیں اور پچاس افراد کو حراست میں لیا۔

اکیس مئی

قبائلی علاقے مہمند ایجنسی میں حکام کےمطابق تحریک طالبان کے ایک اہم کمانڈر یار سید عرف چکر نے اپنے پانچ ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال کر خود کو پولیٹکل انتظامیہ کے حوالے کر دیا ہے۔

انیس مئی

قبائلی علاقے میں مہمند ایجنسی میں حکام نے افغانستان سے آنے والے پانچ غیر ملکیوں سمیت سات مبینہ جنگجو گرفتار کرنے کا دعوٰی کیا۔

تیس مارچ

لاہور کے نواحی علاقے مناواں میں پولیس کے ٹریننگ سینٹر پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کرنے کے بعد وہاں موجود افراد کو یرغمال بنا لیا۔ پولیس اور ریجنرز نے آٹھ گھنٹے کارروائی کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کے علاوہ ایک دہشت گرد کو گرفتار کیا جس کا تعلق افغانستان سے بتایا گیا تھا۔

چھ فروری

کراچی میں پولیس نے تین مبینہ ملزمان کو مقابلے کے بعد گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کا تعلق منگل باغ گروہ سے ہے۔

تین جنوری

پاکستانی حکام کے مطابق طالبان کے سپریم کمانڈر ملا عمر کے سابق ترجمان استاد یاسر کو پاکستان کے صوبہ سرحد سے حراست میں لیاگیا ہے۔

<bold><crosshead>دو ہزار آٹھ کی گرفتاریاں </crosshead> اکتیس اکتوبر </bold>

پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان سے اغوا کیے جانے والے سکاؤٹس فورس کے اٹھارہ اہلکاروں کو رہا کیا گیا۔ مصالحت کرانے والے جرگے کے ذرائع کے مطابق اہلکاروں کی رہائی کے بدلے بائیس مقامی جنگوؤں کو بھی رہا کیا گیا ہے لیکن انتظامیہ نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔

بارہ ستمبر

جنوبی وزیرستا ن میں طالبان کمانڈر بیت اللہ محسود کے مبینہ ساتھی مولانا رفیع الدین کو ضمانت پر رہائی سے قبل ہی چالیس ایف سی آر کے تحت دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔

دو ستمبر

مشیر داخلہ رحمان ملک نے انکشاف کیا کہ سکیورٹی فورسز نے ایک مقام پر یقینی طور پر القائدہ کے رہنما ایمن الظواہری کا پتہ چلا لیا تھا لیکن گرفتار کرنے کا موقع ضائع ہو گیا۔

پچیس جولائی

ہنگو میں شدت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن میں القاعدہ کے ایک اہم رُکن امجد سمیت کالعدم تنظیموں کے پینتیس ارکان کو گرفتار کیا گیا۔

دو جولائی

پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں جاری کارروائی کے دوران حکام نے مقامی شدت پسند تنظیم لشکرِ اسلام کے ایک کمانڈر سمیت نو مسلح افراد کو گرفتار کیا۔

پندرہ فروری

سندھ پولیس نے دعوی کیا کہ اس نے ایک نئی شدت پسند تنظیم تحریک اسلامی لشکر محمدی کو بے نقاب کرنے کے بعد اس کے دس کارکنوں کوگرفتار کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ، بارود اور بم بنانے کے آلات بھی برآمد کیے ہیں۔

گیارہ فروری

بلوچستان کے شہر قلعہ سیف اللہ میں گوال اسماعیل زئی کے مقام پر سکیورٹی فورسز نے ایک کارروائی میں مبینہ طور پر ملا منصور داد اللہ سمیت چھ افراد کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔

تیس جنوری

کراچی پولیس کا کہنا تھا کہ کور کمانڈر حملہ کیس کے مفرور ملزم قاسم طوری اور طیب داد سمیت چار مشتبہ ملزمان اور چار خواتین کو حراست میں لیا ہے اور جائے وقوع سے بھاری اسلحہ اور دھماکہ خیز مادہ بھی برآمد کیا گیا۔

انیس جنوری

سندھ پولیس نے ایک مبینہ خود کش بمبار سمیت آٹھ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا۔ جنہوں نے مبینہ طور پر عاشورہ کے موقع پر حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی۔