مردان صوابی سیلاب، گیارہ افراد ہلاک

مردان صوابی
،تصویر کا کیپشنسیلاب کی وجہ سے ہزاروں لوگ بے گھر ہوگئے ہیں۔
    • مصنف, رفعت اللہ اورکزئی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
  • وقت اشاعت

حکام کا کہنا ہے کہ صوبہ سرحد کے اضلاع مردان اور صوابی میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں میں درجنوں مکانات بہہ جانے کی وجہ سے کم سے کم گیارہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد بھی شامل ہیں۔

مردان کے اسسٹنٹ ضلعی رابط افسر فیاض علی شاہ نے بی بی سی کو بتایا کہ دو دنوں سے مردان میں مسلسل بارشوں کی وجہ سے کئی نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں جس سے درجنوں مکانات سیلابی ریلوں میں بہہ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بارشوں میں مکانات گرنے اور دیگر واقعات میں اب تک کم سے کم گیارہ افراد ہلاک ہوئے ہیں جس میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں ہنگامی بنیادوں پر شروع کردی گئیں ہیں اور اس سلسلے میں متاثرین کو خیمے اور خوراک مہیا کیا جارہا ہے جبکہ سیلابی ریلوں میں پھنسے ہوئے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مچی کے علاقے میں سو کےقریب مکانات سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان شہباز گڑھ، دولت زئی، بٹگرام، گلیاڑہ، خوراہ بانڈہ اور کوٹ سہیل زئی کے علاقوں میں ہوا ہے جہاں درجنوں مکانات گر گئے ہیں۔

اس کے علاوہ مردان سے ملحقہ ضلع صوابی میں بھی بارشوں اور سیلابی ریلوں کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ نقصان کالو خان، اسملیہ اور محب بانڈہ کے مقامات پر ہوا ہے جہاں درجنوں مقانات سیلابی ریلوں میں بہہ گئے ہیں۔ ان کے بقول سیلاب کی وجہ سے ہزاروں لوگ بے گھر ہوگئے ہیں۔